لائف اسٹائل

کپل شرما کو نئے تنازع کا سامنا، شو کے بائیکاٹ کا مطالبہ

اس مطالبے کی وجہ کشمیر پر بننے والی ایک فلم کی ٹیم کو مدعو نہ کرنا ہے جس کے بعد ٹوئٹر پر بائیکاٹ کا ٹرینڈ بن گیا۔
Welcome

بھارت میں کپل شرما کے شو کے بائیکاٹ کا ٹرینڈ ٹوئٹر پر گردش کررہا ہے جس کی وجہ معروف کامیڈین کے حوالے سے سامنے آنے والا نیا تنازع ہے۔

جس کی وجہ کشمیر پر بننے والی ایک فلم کی ٹیم کو مدعو نہ کرنا ہے جس کے بعد ٹوئٹر پر کپل شرما شو کے بائیکاٹ کا ٹرینڈ گردش کرنے لگا۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق فلم ساز ویویک اگنی ہوتری نے ٹوئٹ پر دعویٰ کیا تھا کہ کپل شرما نے اپنے مقبول شو میں ان کی نئی فلم کشمیر فائلز کو پروموٹ کرنے کے لیے مدعو کرنے سے انکار کردیا ہے۔

انہوں نے یہ بات 4 مارچ کو ایک مداح کے ٹوئٹ کے جواب میں بتائی اور ان کا ماننا ہے کہ شو میں مدعو نہ کرنے کی وجہ فلم میں کسی بڑے اسٹار کا نہ ہونا ہے۔

مداح نے اپنے ٹوئٹ میں ویویک اگنی ہوتری کو ٹیگ کرتے ہوئے پوچھا تھا کہ وہ کشمیر فائلز کی کاسٹ کو کپل شرما شو میں دیکھنا پسند کریں گے۔

اس پر ویویک اگنی ہوتری نے جواب دیتے ہوئے کہا ' کپل نے اپنے شو سے انکار کردیا ہے کیونکہ ہمارے پاس کوئی بڑا کمرشل اسٹار نہیں'۔

بعد ازاں انہوں نے اسی حوالے سے 7 مارچ کو ایک اور ٹوئٹ کا بھی جواب دیا جس میں کہا گیاتھا کہ کپل شرما اس فلم کو اپنے شو میں پروموٹ کریں کیونکہ ہم متھن چکرورتی اور انوپم کھیر کو اکٹھا دیکھنا چاہتے ہیں۔

اس پر ویویک اگنی ہوتری نے اپنے جواب میں کہا 'میں یہ فیصلہ نہیں کرسکتا کہ کس کو کپل شرما شو میں مدعو کیا جائے، یہ کپل اور ان کے پروڈیوسرز کا انتخاب ہوتا ہے کہ کسے مدعو کیا جائے'۔

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا 'حالانکہ میں بھی ان کا مداح ہوں، مگر حقیقت تو یہ ہے کہ انہوں نے ہمیں اپنے شو پر بلانے سے انکار کیا ہے کیونکہ فلم میں کوئی بڑا اسٹار نہیں، بولی وڈ کے ایسے ڈائریکٹرز، رائٹرز اور اچھے اداکار جو اسٹار نہیں، انہیں کچھ بھی تصور نہیں کیا جاتا'۔

اس کے بعد کپل شرما اور ان کا شو ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگا اور صارفین کی جانب سے اس کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب کپل شرما اور ان کے شو کو تنازع کا سامنا ہے۔

کچھ عرصے پہلے کامیڈین کو اس وقت مشکلات کا سامنا ہوا جب ان کے شو میں اکشے کمار کی ایک پس پردہ ویڈیو لیک ہوگئی۔

اس ویڈیو کے بعد کپل شرما اور اکشے کمار کے درمیان اختلافات کی افواہیں سامنے آئیں جس پر کپل شرما نے ٹوئٹر پر وضاحت کی۔

اجنبی خاتون نے میرے بال چھُوکر میرا دن خراب کردیا، اشنا شاہ

صنم سعید ’عشرت: میڈ ان چائنا‘ کی تشہیر نہ کرنے پر سینما انتظامیہ سے ناخوش

طویل عرصے بعد صنم بلوچ کو دیکھ کر مداح حیران