لائف اسٹائل

طویل عرصے بعد صنم بلوچ کو دیکھ کر مداح حیران

صنم بلوچ کچھ عرصے سے ٹی وی اسکرین سے دور ہیں اور انہوں نے کافی وقت سے سوشل میڈیا پر بھی اپنی نئی تصاویر شیئر نہیں کی تھیں۔

ماڈل، اداکارہ و ٹی وی میزبان صنم بلوچ کی طویل عرصے بعد تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد مداح انہیں دیکھ کر حیران رہ گئے اور بعض لوگ انہیں پہچان ہی نہیں پائے۔

صنم بلوچ کچھ عرصے سے ٹی وی اسکرین سے بھی دور ہیں اور انہوں نے کافی وقت سے سوشل میڈیا پر بھی اپنی نئی تصاویر شیئر نہیں کیں۔

تاہم حال ہی میں میک اپ آرٹسٹ نتاشا لاکھانی نے اداکارہ کی نئی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے ان کی تعریف بھی کی اور اداکارہ کی تصاویر دیکھتے ہی ویکھتے وائرل ہوگئیں۔

میک اپ آرٹسٹ کی جانب سے شیئر کی گئی اداکارہ کی ویڈیو میں انہیں سیاہ لباس میں دیکھا جا سکتا ہے جب کہ نتاشا لاکھانی نے صنم بلوچ کی سیاہ لباس میں تصاویر بھی شیئر کیں، جنہیں دیکھ کر مداح دنگ رہ گئے۔

تصاویر کو دیکھنے کے بعد جہاں مداحوں نے اداکارہ کی خوبصورتی کی تعریفیں کیں، وہیں بعض لوگ ان کے بڑھے ہوئے وزن پر بھی حیران ہوئے۔

بعض لوگوں نے ان کی تصاویر پر کمنٹس کیے کہ ابتدائی طور پر انہوں نے تصاویر دیکھ کر یہی سوچا کہ تصویر میں نظر آنے والی خاتون صنم بلوچ کی ہم شکل ہیں، بس ان کا ذرا وزن زیادہ ہے۔

مداحوں کے مطابق صنم بلوچ وزن بڑھ جانے کی وجہ سے پہنچاننے میں نہیں آ رہیں، تاہم اس کے باوجود زیادہ تر لوگوں نے ان کی خوبصورتی، اداکاری اور لباس کی تعریفیں کیں۔

صنم بلوچ اپنی شادی ناکام ہونے کے بعد میڈیا اور سوشل میڈیا سے دور دکھائی دیتی ہیں، انہوں نے 2013 میں اداکار و میزبان عبداللہ فرحت سے شادی کی تھی اور 2018 میں دونوں نے اپنی راہیں جدا کرلی تھیں۔

عبداللہ فرحت نے اس معاملے پر کوئی بات نہیں کی تھی جبکہ صنم بلوچ نے مبہم انداز میں علیحدگی کی بات کی تھی، تاہم انہوں نے بھی تاحال کھل کر اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔

اداکارہ نے اگست 2020 میں پہلی بار اپنی کم سن بیٹی کے ہمراہ تصویر شیئر کی تھی، جس پر مداحوں اور شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی تھی۔

صنم بلوچ نے اکتوبر 2018 میں ‘اسپیک یوئر ہرٹ ود ثمینہ پیرزادہ’ میں بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے کیریئر کا آغاز سندھی میڈیا سے بطور میزبان کیا تھا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ سندھی میڈیا میں کام کرنے کے دوران انہیں فہد مصطفیٰ نے کال کی کہ ان کے دوست کو ‘کلنک’ ڈرامے میں ایک معصوم لڑکی کا کردار ادا کرنے والی لڑکی کی تلاش ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ وہ اس میں اداکاری کریں۔

صنم بلوچ نے بتایا تھا کہ انہیں اپنی بڑی بہن نے مشورہ دیا کہ وہ اس کردار کو لازمی کریں، جس کے بعد ہی انہوں نے اداکاری میں قدم رکھنے سمیت اردو میڈیا میں کیریئر شروع کیا۔

اپنی گفتگو میں صنم بلوچ نے یہ بھی بتایا تھا کہ وہ 6 زبانیں بولنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے اپنے بچپن اور طالب علمی کے زمانے کے واقعات بھی سنائے تھے۔

پروگرام میں صنم بلوچ نے اپنے خاندان سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کے والدین میں بھی اس وقت علیحدگی ہوگئی تھی، جب وہ محض 3 سال کی تھیں۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ والدین کی علیحدگی کے بعد وہ 12 سال بعد اپنے والد سے ملیں، انہوں نے اپنی والدہ کی تعریف کرتے ہوئے انہیں بہادر قرار دیا اور تسلیم کیا کہ ان کی والدہ کے دوسرے شوہر نے بھی انہیں والد کی طرح پیار دیا۔

صنم بلوچ نے بتایا تھا کہ وہ مجموعی طور پر 6 بہن بھائی ہیں اور وہ پانچویں نمبر پر ہیں۔

کیا صنم بلوچ کی شوہر سے علیحدگی کی افواہیں درست ہیں؟

صنم بلوچ کی اچانک شادی اور پھر علیحدگی؟

صنم بلوچ نے پہلی مرتبہ بیٹی کی تصاویر شیئر کردیں