عمران خان جتنے خوف زدہ ہوں گے ان کا لہجہ اتنا ہی تلخ ہوگا، بلاول بھٹو زرداری
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پریشانی اور خوف میں گھبرا کر گالم گلوچ پر اتر آئے ہیں، یہ جتنے خوف زدہ ہوں گے ان کا لہجہ اتنا ہی تلخ ہوگا۔
وزیرآباد روانگی سے قبل بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم جتنی بھی گالم گلوچ کرلیں لیکن خود کو بچا نہیں سکتے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر تمام جماعتیں متفق ہیں، ہم سب محنت کر رہے ہیں کہ مل کر اس نالائق حکومت کو گھر بھیج کر عوام کے لیے ریلیف کا بندوبست کریں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پہنچ کر غیرجمہوری شخص پر حملہ کر کے اسے فارغ کریں گے، بلاول
ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کا معاملہ ابھی زیر غور ہے لیکن ہمارا ٹارگٹ یہ سلیکٹڈ وزیر اعظم ہے جسے ہٹا کر ہم شفاف الیکشن منعقد کروانا چاہتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پہلے وزیر اعظم کہہ رہے تھے کہ انہیں نکالا تو وہ اور خطرناک ہو جائیں گے، یہی تو ہمارا مطالبہ ہے کہ آپ اس ملک کو جتنا نقصان پہنچا چکے ہیں وہ اب مزید نقصان برداشت کرنے کا اہل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہار جیت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہوتی ہے، لیکن انشااللہ ہم کامیاب ہوں گے، ہم نے پہلے بھی سینیٹ میں یہ کرکے دکھایا ہے اور ایک بار پھر کرکے دکھائیں گے۔
’عمران خان ووٹ نہیں, امپائر کی انگلی کی وجہ سے اقتدار میں ہیں‘
بعد ازاں گجرات میں عوامی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان ووٹ نہیں امپائر کی انگلی کی وجہ سے اقتدار میں ہیں، جو لوگ انہیں اقتدار میں لائے یہ ان ہی کی جانب دیکھتے رہتے ہیں اور عوام پستے رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے پاس 24 گھنٹے ہیں، استعفیٰ دے دیں اور گھر جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم وہاڑی میں بڑے بڑے دعوے کر رہے تھے، اب ہمت ہے تو ہمارے اسلام آباد پہنچنے سے پہلے اسمبلی توڑیں اور الیکشن لڑیں، انہیں پتا لگ جائے گا کہ عوام کس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مزید پڑھیں: عمران خان کے پاس 3 دن ہیں، استعفیٰ دیں اور گھر جائیں، بلاول بھٹو زرداری
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گزشتہ روز ہم لاہور میں تھے جو ’گو سلیکٹڈ گو‘ کے نعرے سے گونج اٹھا، اب ہم اسلام آباد کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کے ہر طبقے کا معاشی قتل کیا ہے، بس بہت ہوگیا، اب کٹھ پتلی حکومت کو گھر جانا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ہر وعدہ جھوٹا ہے، انہوں نے ہر بات پر یوٹرن لیا، موجودہ حکومت عوام پر بوجھ ڈالتی رہی لیکن امیروں کو اربوں روپے کی ایمنسٹی اسکیم دے رہی ہے، حکومت کی معاشی پالیسی عوام کو تکلیف اور امیروں کو ریلیف پہنچانا ہے۔