کھیل

کرکٹ لیجنڈ، عظیم لیگ اسپنر شین وارن انتقال کرگئے

شین وارن تھائی لینڈ کے شہر کوہ سیموئی میں بظاہر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے، انتظامیہ

آسٹریلیا کرکٹ کے لیجنڈ اور عظیم لیگ اسپنر شین وارن 52 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

فوکس کرکٹ کی رپورٹ کے مطابق وارن کی انتظامیہ نے مختصر بیان میں کہا کہ شین وارن جمعہ کو تھائی لینڈ کے شہر کوہ سیموئی میں بظاہر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘شین وارن اپنے وِلا میں موجود تھے اور وہ جواب نہیں دے رہے تھے، طبی عملہ تمام کوششوں کے باوجود انہیں جانبر نہ کر سکا‘۔

انتظامیہ نے بتایا کہ مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی تاہم خاندان نے پرائیویسی کی درخواست کی ہے۔

شین وارن نے ٹی20 کرکٹ بھی کھیلی تاہم بین الاقوامی سطح پر آسٹریلیا کی نمائندگی نہیں کرپائے۔

آسٹریلیا کی کرکٹ کے لیے ایک روز میں دو بُری خبریں ملی جہاں عظیم وکٹ کیپر روڈنی مارش بھی دن کے اوائل میں میں انتقال کر گئے تھے۔

واضح رہے کہ عظیم اسپنر کا انتقال ایک ایسے موقع پر ہوا ہے جب آج ہی آسٹریلین ٹیم 24سال بعد پاکستان میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔

شین وارن نے 24 سال بعد آسٹریلین ٹیم کے دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ آسٹریلیا کا دورہ پاکستان شاندار خبر ہے، 90کی دہائی کے اوائل اور وسط میں پاکستان کا دورہ اور وہاں کھیل کر بہت لطف اندوز ہوا۔

شین وارن کا کرکٹ کیریئر

عظیم لیگ اسپنر شین وارن نے آسٹریلیا کی جانب سے 2 جنوری 1992 کو سڈنی میں بھارت کے خلاف بین الاقوامی کرکٹ کا سفر شروع کیا تھا۔

ایک روزہ کرکٹ میں ان کے شاندار کیریئر کا آغاز 24 مارچ 1993 کو نیوزی لینڈ کے خلاف ویلنگٹن میں ہوا۔

عالمی شہرت یافتہ لیگ اسپنر کو اصل شہرت 1993 کی ایشز سیریز کے مانچسٹر ٹیسٹ میں مائیک گیٹنگ کو کرائی گئی گیند پر ملی تھی جسے 'صدی کی بہترین گیند' بھی قرار دیا گیا تھا، یہ ان کی انگلش سرزمین پر کرائی گئی پہلی گیند تھی۔

شین وارن نے07-2006 کی ایشز سیریز میں میلبرن میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں عمدہ لیگ اسپن گیند کر کے انگلش اوپنر اینڈریو اسٹراس کی وکٹیں بکھیر کر ٹیسٹ کرکٹ میں 700 وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے دوسرے کامیاب ترین باؤلر نے 145 ٹیسٹ میچوں میں 708 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ایک روزہ کرکٹ میں انہوں نے 194 میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی اور 293 وکٹیں اپنے نام کیں۔

شین وارن نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ بھی سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جہاں ان کا مدمقابل انگلینڈ تھا، 2 جنوری سے 5 جنوری 2007 تک جاری رہنے والے میچ میں انہوں نے 2 وکٹیں لیں اور اس کے ساتھ ساتھ 71 رنز کی یادگار اننگز بھی کھیلی۔

انہوں نے اپنا آخری ایک روزہ میچ ورلڈ الیون کی جانب سے ایشیا الیون کے خلاف 10 جنوری 2005 کو کھیلا، جس میں ان کی ٹیم فاتح رہی اور وہ 2 وکٹیں حاصل کر پائے۔

شین وارن نے 2013 میں تمام طرز کی کرکٹ سے کنارہ کشی سے قبل انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلی تاہم وہ کرکٹ سے مسلسل جڑے رہے۔

روسی شیلنگ کے بعد یورپ کے سب سے بڑے پاور پلانٹ میں آتشزدگی

فریال محمود نے طلاق کی تصدیق کردی

امام کی سنچری، راولپنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن پاکستان کے نام