پاکستان

تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اپوزیشن میں ڈیڈ لاک ہوگیا ہے، شیخ رشید کا دعویٰ

سارے مفاد پرست عمران خان کے خلاف اکٹھے ہوگئے ہیں، وقت آنے پر عمران خان سیاسی سائبر اٹیک کرے گا تو آپ کو لگ پتا جائے گا، وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان وقت پر تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اپوزیشن میں ڈیڈ لاک ہوگیا ہے جس کی وجہ ابھی شہر بسا ہی نہیں کہ بندر بانٹ کے فیصلے شروع ہوگئے اور اس لڑائی میں ڈیڈ لاک ہوگیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نے کہا تھا کہ تبدیلی جماعت کے 40 روز ہیں جس میں 10 گزر گئے ہیں اور 30 دن کا مارچ کا مہینہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپنے اتحادیوں پر پورا اعتماد اور فخر ہے، یہ بتادیں کہ 9 دن اپنے بندے کہاں رکھنے ہیں کیوں کہ نہ چھانگا مانگا ہے نہ مری ہے، جہاں انہوں نے بندے رکھے وزارت داخلہ وہاں فون سروس معطل رکھے گی کہ ہارنے کے بعد یہ نہ کہیں کہ فون کال آرہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن کے 15 افراد اندر سے عمران خان کے ساتھ ہیں، شیخ رشید

وزیر داخلہ نے کہا کہ ریکارڈ میں رکھ لیں اپوزیشن کے 12 اراکین کا جوگر گروپ ہے، یہ آج 10 دن کا لانگ مارچ کرنے نکلے ہیں، پوری سیکیورٹی دیں گے کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ 2 مہینے سے ٹی وی کے ڈبے میں ہیں اس سے نکلیں، جو کرنا ہے کریں، لوگ کوفت کا شکار ہیں، یہ آپ کے بس کا روگ نہیں یہ معلوم ہونا چاہیے کہ 77 کی نظام مصطفیٰ تحریک، 1980 کی تحریک، ایم آر ڈی اور 90 کی تحریک نجات جو میں لے کر نکلا اس کا نتیجہ کیا نکلا تھا۔

شیخ رشید نے کہا کہ 10 روز تک لانگ مارچ لے کر نکلنا بلاول کے بس کا روگ نہیں، لال حویلی آؤ آپ کو استعفیٰ دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن خود کہہ رہی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہے، اداروں کا ملکی سلامتی کے ساتھ عہد ہوتا ہے، شکر اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ کوئی فون کال نہیں آرہی تو پھر آؤ 2 ماہ سے کبڈی کبڈی کھیل رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل اور منتخب حکومت کے ساتھ ہے، شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تحریک کا نقصان انہیں کو ہوگا کیوں کہ ان کی حکومت کو 4 سال مکمل ہونے والے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ دنیا میں جنگ کے بادل چھائے ہوئے ہیں، یہ کبڈی کبڈی کھیل رہے ہیں، 30 روز بعد انہوں نے اسی تنخواہ پر کام کرنا ہے، پورے ملک میں فضا بنانے کی کوشش کی، آپ کے ساتھ کتننے لوگ ہیں، رات میں محفل موسیقی کی دن میں گاڑیوں کی ریلی لے کر نکل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ گاڑیوں کے جلوس ہیں، بڑے لوگوں کی سیاست ہے، سارے مفاد پرست عمران خان کے خلاف اکٹھے ہوگئے ہیں، وقت آنے پر عمران خان سیاسی سائبر اٹیک کرے گا تو آپ کو پتا لگ جائے گا، آپ عمران خان کو انڈرایسٹیمیٹ کررہے ہیں جو اس ملک میں انتشار اور خلفشار کی باتیں کررہے ہیں ان پر جھاڑو پھر جائے گا۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آپ عمران خان کو مضبوط کرنے جارہے ہیں، آپ کی تحریک ناکامی کا شکار ہوگی، ہماری فکر چھوڑیں اپنے بندوں کا خیال کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے اتحادیوں کو چھوڑیں وہ ہمارے ساتھ ہیں، ساتھ رہیں گے، آپ اپنی چارپائی کے نیچے جھاڑو دیں، جو اس وقت ملک میں انتشار، خلفشار اور سیاسی محاذ آرائی کا خواب دیکھ رہے ہیں ان کی سیاسی قبریں بنیں گی۔

اتحادی جماعتوں کی اپوزیشن سے ملاقاتوں سے متعلق سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتحادی ہمارے ہیں، انہیں کیا تکلیف ہے کہ روز کھانا کھانے چلے جاتے ہیں، انہوں نے گھر سے کھایا تو حرام ہی کھایا، اسی لیے اتحادیوں کے ہاں جارہے ہیں کہ کھانا شانا مل جائے ووٹ نہیں ملتا انہیں۔