لائف اسٹائل

ماڈل نیہا تاثیر کی یوکرین میں پھنسے اپنے خاندان کے لیے دعا کی اپیل

سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کی اہلیہ کی پیدائش یوکرین میں ہی ہوئی تھی۔

ستمبر 2021 میں سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر سے شادی کرنے والی ماڈل نیہا تاثیر نے یوکرین میں پھنسے اپنے اہل خانہ کی خیریت کے لیے مداحوں سے دعا کی اپیل کی ہے۔

نیہا تاثیر نے انسٹاگرام اسٹوریز میں یوکرین پر روسی حملے سے متعلق پوسٹ کرتے ہوئے وہاں پھنس جانے والے اپنے خاندان کی خیر و آفیت کے لیے مداحوں سے دعا کی اپیل کی۔

نیہا تاثیر نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ گزشتہ کچھ دن سے ان کی زندگی بہت تکلیف دہ گزر رہی ہے، وہ خود کو پہنچنے والی تکلیف اور درد کو بیان نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے وہاں کے حالات پر اپنی ذہنی، جذباتی اور دلی حالت کو بیان نہ کرپانے کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں سے گزارش کی کہ وہ ان کے خاندان کی خیریت کے لیے دعا کریں۔

نیہا تاثیر نے لکھا کہ ان کے خاندان کے افراد اپنی زندگی بچانے کے لیے یوکرین میں جنگ لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے یوکرین کی حالت اور وہاں اپنے خاندان کے پھنس جانے پر خود کو بے بس قرار دیا اور لکھا کہ وہ حالات پر تبصرہ کرنے سے بھی قاصر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نیہا راجپوت اور شہباز تاثیر رشتہ ازدواج میں منسلک

انہوں نے مذکورہ جنگ ختم ہونے اور دنیا میں امن بحال ہونے کی دعا بھی کی اور لکھا کہ دعا کریں کہ ان کے خاندان والے خوش اور خیریت سے ہوں۔

انہوں نے انسٹاگرام اسٹوریز میں یوکرین میں جنگ لگنے کے بعد وہاں بچوں، خواتین اور بزرگ افراد کو پیش آنے والی مشکلات کی ویڈیوز بھی شیئر کیں اور یوکرینی لوگوں کی مدد کرنے سے متعلق پوسٹ بھی شیئر کی۔

نیہا تاثیر نے ستمبر 2021 میں شہباز تاثیر سے شادی کی تھی، ان کی پیدائش یوکرین میں ہی ہوئی تھی۔

نیہا راجپوت نے 2016 میں اداکاری کا آغاز کیا، اس سے قبل وہ ماڈلنگ کرتی تھیں، ان کی پرورش بھی یوکرین میں ہی ہوئی، کیوں کہ ان کی والدہ کا تعلق وہیں سے ہے۔

نیہا راجپوت کے والد کا تعلق پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے ہے اور انہوں نے پاکستان منتقل ہونے کے بعد وہیں سے ماڈلنگ و اداکاری کا آغاز کیا تھا۔

خیال رہے کہ یوکرین پر روس نے 24 فروری سے حملوں کا آغاز کیا تھا اور 26 فروری تک روس کی فوج نے دارالحکومت کیف تک رسائی کرلی تھی اور وہاں پر گلیوں میں روسی فوج اور یوکرینی عوام آمنے سامنے تھے۔

یوکرینی حکومت نے 26 فروری کو بتایا تھا کہ 24 فروری سے روسی حملوں میں 3 بچوں سمیت 198 افراد ہلاک، 33 بچوں سمیت ایک ہزار 115 زخمی ہوئے تھے۔

روسی حملے میں 198 افراد ہلاک، 1000 سے زائد زخمی ہوچکے، یوکرینی وزیر صحت

روسی افواج کی یوکرین کے دارالحکومت کی جانب پیش قدمی

روس کے حملے کے بعد یوکرین کے مناظر