پاکستان

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 6 دہشت گرد ہلاک

ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف سرگرمیوں، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھے، آئی ایس پی آر

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گردوں کو ہلاک اور اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے ہمزونی میں کارروائی کی۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، پانچ دہشت گرد ہلاک

بیان میں کہا گیا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے جن کی شناخت محمد علی، مطیع اللہ، محمد عمر، اخترحسین، شیر اور وسیم کے نام سے ہوئی۔

کارروائی کے حوالے سے بتایا گیا کہ ہلاک دہشت گردوں کے زیر قبضہ اسلحہ، بارود اور دیگر آلات بھی برآمد کرلیے گئے، جس میں سب مشین گنز، دستی بم، مائنز اور گولیاں سمیت دیگر مواد شامل ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف سرگرمیوں، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ مقامی افراد نے کارروائی کو سراہا اور علاقے سے انتہا پسندی کے ناسور کے خاتمے کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

واضح رہے کہ آئی ایس پی آر نے گزشتہ روز ایک بیان میں بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی ڈیرہ اسمٰعیل خان کی تحصیل کولاچی میں کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے۔

بیان میں بتایا گیا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق قریبی گاؤں سے تھا اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر خودکش حملے کی کوشش ناکام بنا دی

اس سے قبل 20 فروری کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا تھا اور 5 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

بیان میں بتایا گیا تھا کہ مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جس میں سب مشین گنز، دستی بم اور کثیر تعداد میں کیلیبر راؤنڈز شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی شبیر احمد بہادری سے لڑتے ہوئے زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

خیال رہے 14 فروری کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر ایک دہشت گرد کے خودکش حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کردیا تھا۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق ایک دہشت گرد نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے ڈوسالی میں فوجی چیک پوسٹ میں داخل ہو کر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور ایک گرینیڈ بھی فائر کرنے کی کوشش کی تھی۔

اس حوالے سے بتایا گیا تھا کہ فوجی اہلکاروں نے دہشت گردوں کو مؤثر جواب دیا تھا اور جس کے نتیجے میں دہشت گرد ہلاک ہوگیا تھا اور مارے گئے دہشت گرد کے قبضے سے ہتھیار اور بارود بھی برآمد کرلیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: افغانستان سے دہشت گردوں کی ضلع کرم میں فائرنگ، پاک فوج کے پانچ جوان شہید

قبل ازیں 6 فروری کو خیبر پختونخواہ کے ضلع کرم میں افغانستان سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں کی جانب سے کی گئی تھی اور فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے پانچ جوان شہید ہو گئے تھے۔

سیکیورٹی فورسز نےاس سے قبل خیبر پختونخوا کے علاقے ٹانک میں ڈائل روڈ کے قریب انٹیلی جنس اطلاعات پر مبنی آپریشن میں ایک خودکش بمبار کو ہلاک کردیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر پیوٹن سے ملاقات، دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال

روس کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، وزیر خارجہ کی روسی ہم منصب سے گفتگو

عمران خان کے دورہ روس سے 'بخوبی آگاہ' ہیں، روس سےمتعلق مؤقف پاکستان کو بتادیا، امریکا