’صنف آہن‘ کی شوٹنگ کے وقت 101 بخار تھا، یمنیٰ زیدی
اداکارہ یمنیٰ زیدی نے نشر کیے جانے والے ڈرامے ’صنف آہن‘ میں اپنے کردار کی تعریفیں ہونے کے بعد انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے مذکورہ ڈرامے کے متعدد سینز سخت بخار کے دوران بھی شوٹ کروائے۔
ہدایت کار ندیم بیگ کے ڈرامے کو ’اے آر وائے ڈیجیٹل‘ پر نشر کیا جا رہا ہے اور اب تک اس کی ایک درجن سے زائد قسطیں نشر کی جا چکی ہیں۔
ڈرامے کی کہانی جیسے جیسے آگے بڑھ رہی ہے، ویسے ویسے اس کی مقبولیت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور شائقین بھی اس کی تعریفیں کرنے پر مجبور ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’صنف آہن‘: کبریٰ خان اور یمنیٰ زیدی کے کرداروں کے ٹیزر جاری
تنقید نگار اور مبصر بھی ڈرامے کی ہر قسط پر اچھے تبصرے کر رہے ہیں، حال ہی میں تجزیہ نگار لبنیٰ فریال نے جب یمنیٰ زیدی کی اداکاری اور ان کے سلیوٹ کرنے کے ایک سین کی تعریفیں کیں تو اداکارہ نے بھی مذکورہ منظر کی شوٹنگ سے متعلق انکشاف کیا۔
لبنیٰ فریال المعروف اماں جی کی تعریف کے بعد یمنیٰ زیدی نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری میں انکشاف کیا کہ ’صنف آہن‘ میں سلیوٹ کرنے کے سین کی شوٹنگ کے وقت انہیں 101 بخار تھا۔
اداکارہ کے مطابق سخت بخار کے باوجود انہوں نے وطن اور اپنے پیشے سے محبت کی خاطر ڈرامے کی شوٹنگ کو جاری رکھا۔
مزید پڑھیں: ’صنف آہن‘: سجل علی کا عام لڑکی سے فوجی بننے کے سفر کا ٹیزر سامنے آگیا
دوسری جانب ڈرامے کے ہدایت کار ندیم بیگ نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ شوٹنگ کے دوران جب اداکاراؤں کا سلیوٹ ٹیسٹ لیا جا رہا تھا تو سب سے پہلے کبریٰ خان نے وہ ٹیسٹ پاس کیا۔
ندیم بیگ کے مطابق کبریٰ خان کے بعد دیگر اداکاراؤں نے بھی سلیوٹ ٹیسٹ پاس کیے مگر انہیں سلیوٹ کا پورا طریقہ یاد بھی رہا۔
انہوں نے کبریٰ خان کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے کردار کی مناسبت سے تمام مصروفیات اور تربیتی نشستوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’صنف آہن‘: سائرہ یوسف اور رمشا خان کے کرداروں کے ٹیزر جاری
ادھر ڈرامے کی ایک درجن تک قسطیں نشر ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر اس کے میمز بھی شیئر کرکے ’صنف آہن‘ کی کہانی کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔
زیادہ تر لوگوں نے کبریٰ خان کے کردار کی تصویر کو ماضی کے مقبول فوجی ڈرامے ’عہد وفا‘ کے ایک کردار کے ساتھ شیئر کرکے مذاق کیا کہ مذکورہ دونوں افراد کے ساتھ پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) میں سب سے زیادہ ناانصافی ہوئی۔
مزید پڑھیں:’ پاوری گرل‘ دنانیر مبین کی ’صنف آہن‘ سے اداکاری میں انٹری
’عہد وفا‘ کے اداکار عدنان صمد خان کے کردار سے اپنے کردار کا مشابہہ کرنے اور اس پر مزاحیہ تبصرے کرنے پر کبریٰ خان نے بھی انسٹاگرام اسٹوری میں اپنے اور عدنان صمد خان کے کرداروں کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے مزاحیہ تبصروں سے اتفاق بھی کیا۔
’صنف آہن‘ ڈراما پاکستان کے مختلف صوبوں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کے فوجی بننے کی داستان پر مبنی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’صنف آہن‘ میں سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا کے کردار کا ٹیزر جاری
’صنف آہن‘ میں پشتون اور بلوچ لڑکی کے کرداروں کو کافی سراہا جا رہا ہے جب کہ ڈرامے میں مسیحی لڑکی سمیت شہری لڑکیوں کے کرداروں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
ڈرامے کی کہانی 6 خواتین کے گرد گھومتی ہے جو کہ بڑی مشکلوں سے فوج میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد اپنے علاقے میں ہیرو کے طور پر پہچانی جاتی ہیں۔
مزید پڑھیں: سجل علی، یمنیٰ زیدی، سائرہ یوسف، کبریٰ و رمشا خان کا ڈراما ’صنف آہن‘
ڈرامے میں سائرہ یوسف، کبریٰ خان، رمشا خان، سجل علی، یمنیٰ زیدی اور دنانیر مبین سمیت دیگر اداکار شامل ہیں، اس کی ہدایات ندیم بیگ نے دی ہیں اور اسے ہمایوں سعید کی اہلیہ نے پروڈیوس کیا ہے، اسے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی معاونت سے نشر کیا جا رہا ہے۔