کھیل

'پی سی بی معاہدے کے مطابق ادائیگیاں نہیں کررہا'، فاکنرنے پی ایس ایل چھوڑ دی

پی سی بی نے جیمزفاکنر کے الزامات مسترد کرتے ہوئے اس کو بے بنیاد اور گمراہ کن بیان قرار دیا۔

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلوی فاسٹ باؤلر جیمز فاکنر نے قبل از وقت لیگ سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر معاہدے کے تحت ادائیگیوں میں ناکامی کا الزام عائد کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں جیمز فاکنر نے کہا کہ ‘میں پاکستان کے کرکٹ شائقین سے معذرت چاہتا ہوں، لیکن بدقسمتی سے مجھے آخری دو میچ چھوڑنے پڑیں گے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘پی ایس ایل اس لیے چھوڑا کیونکہ پی سی بی میرے ساتھ کیے گئے معاہدے کی ادائیگیاں نہیں کر رہا تھا’۔

فاکنر نے بتایا کہ ‘میں پورے دورانیے میں یہاں رہا ہوں اور وہ (پی سی بی) مسلسل میرے ساتھ جھوٹ بولتا رہا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘میں پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لیے مدد کرنا چاہتا تھا اور اس طرح چھوڑنا دلخراش ہے، جیسا کہ بہت زیادہ نوجوان باصلاحیت کھلاڑی اور شان دار شائقین موجود ہیں’۔

فاسٹ باؤلر نے کہا کہ ‘لیکن پی سی بی اور پی ایس ایل نے میرے ساتھ جو سلوک کیا وہ بے عزتی ہے اور مجھے امید ہے کہ آپ سب میری پوزیشن کو سمجھیں گے’۔

دوسری جانب پی سی بی نے جیمز فاکنر کے اعلان کے فوری بعد ان کے الزامات کو مسترد کردیا اور اس کو جھوٹے اور گمراہ کن ہے۔

پی سی بی نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ‘پی سی بی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے افسوس کے ساتھ جیمز فاکنر کے جھوٹے اور گمراہ کن الزامات دیکھے ہیں اور جلد اس معاملے پر تفصیلی بیان جاری کیا جائے گا’۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پی سی بی اس معاملے کو دیکھ رہا ہے اور اس حوالے سے فرنچائز کوئی ردعمل نہیں دے گی۔

پچاس لاکھ ملیں تو بھی خلیل الرحمٰن قمر کے ساتھ کام نہیں کروں گی، انوشے اشرف

نوکوٹ: خواتین کے اغوا، گینگ ریپ کو روکنے میں ناکامی پر ڈی ایس پی کا تبادلہ

اسٹریٹ کرائم میں اضافے کی وجہ خراب معاشی حالات ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ