دنیا

شہزادہ اینڈریو پر ’ریپ‘ مقدمہ کرنے والی خاتون پونے تین ارب روپے کے تصفیے پر رضامند

ملکہ برطانیہ کے دوسرے بیٹے 65 سالہ شہزادہ اینڈریو پر خاتون نے بلوغت سے قبل تین بار ’جنسی استحصال‘ کا مقدمہ دائر کر رکھا تھا۔

ملکہ برطانیہ کے دوسرے بیٹے 65 سالہ شہزادہ اینڈریو پر بلوغت سے قبل ’ریپ‘ اور ’جنسی استحصال‘ کا مقدمہ دائر کرنے والی امریکی نژاد خاتون ورجینیا رابرٹ گفی پونے تین کروڑ روپے کی خطیر رقم کے عوض تصفیے پر رضامند ہوگئی۔

رابرٹ گفی نے اگست 2021 میں شہزادہ اینڈریو کے خلاف نیویارک کی عدالت میں ’جنسی استحصال‘ کا سول مقدمہ دائر کیا تھا۔

خاتون نے مقدمے میں دعویٰ کیا تھا ہے کہ انہیں جیفری اپسٹن نے کم عمری میں جسم فروشی کے لیے استعمال کیا اور انہیں مختلف افراد کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کرنے پر مجبور کیا گیا۔

خاتون نے مقدمے میں دعویٰ کیا تھا کہ انہیں شہزادہ اینڈریو کے ساتھ بھی 1999 سے 2001 تک تین مختلف مواقع پر لندن، نیویارک اور ورجن آئی لینڈ میں ’سیکس‘ کرنے پر مجبور کیا گیا اور اس وقت ان کی عمر 17 برس تھی جب کہ ملکہ برطانیہ کے بیٹے ان کی کم عمری سے متعلق ہر بات جانتے تھے۔

شہزادہ اینڈریو نے خاتون کے تمام الزامات کو مسترد کیا تھا، تاہم معاملے کی نوعیت کو سمجھتے ہوئے اب شہزادہ نے خاتون کے ساتھ عدالت کے باہر تصفیہ کرلیا۔

خبر رساں ادارے ’ایجنسی فرانس پریس‘ (اے ایف پی) کے مطابق شہزادہ اینڈریو اور رابرٹ گفی کے وکلا نے نیویارک کی عدالت میں تصفیہ ہوجانے سے متعلق دستاویزات جمع کرادیے۔

دونوں فریقین کے وکلا کی جانب سے دائر کیے گئے دستاویزات میں عدالت کو بتایا گیا کہ مدعی اور ملزم دونوں میں معاہدہ طے پا گیا ہے اور دونوں 30 دن کے اندر عدالت سے اپنی تمام درخواستیں واپس لے لیں گے۔

عدالت میں جمع کرائے گئے دستاویزات میں تصفیے کی رقم کو ظاہر نہیں کیا گیا، تاہم برطانوی میڈیا کے مطابق دونوں کے درمیان ایک کرڑ 63 لاکھ امریکی ڈالر کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے۔

اے ایف پی نے اپنی رپورٹ میں برطانوی اخبار ’ٹیلی گراف‘ کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ شہزادہ اینڈریو قانونی کارروائیوں سے بچنے کے لیے رابرٹ گفی کو معاہدے کے تحت ایک کروڑ 63 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 2 ارب 86 کروڑ روپے سے زائد کی رقم ادا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: خاتون نے شہزادہ اینڈریو پر جنسی استحصال کا مقدمہ کردیا

رپورٹ میں بتایا گیا کہ معاہدے کے تحت ایک کروڑ امریکی ڈالر یعنی ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کی رقم رابرٹ گفی کو فراہم کی جائے گی جب کہ بقیہ رقم جنسی استحصال کا نشانہ بننے والی خواتین کی فلاح کے لیے کام کرنے والی سماجی تنظیم کو فراہم کی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق شہزادہ اینڈریو کے تصفیے کے لیے زیادہ تر رقم ملکہ برطانیہ اپنے ایک ادارے کے ذریعے فراہم کریں گی اور اس معاملے پر برطانوی شاہی خاندان پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔

’جنسی استحصال‘ کے مقدمے میں شہزادہ اینڈریو نے جواب جمع کرادیا

’جنسی استحصال‘ کا مقدمہ بے بنیاد اور غیر قانونی ہے، وکلا شہزادہ اینڈریو

شہزادہ اینڈریو ’جنسی استحصال‘ کے مقدمے میں دفاع کے لیے تیار