پاکستان

بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 6 دہشت گرد ہلاک

دہشت گرد کیچ میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے، بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے، آئی ایس پی آر

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے بلیدا میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان میں بلیدا کے قریب انجیرکا رینج کے علاقے میں دہشت گردوں کی ٹھکانے میں موجودگی کی اطلاع کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں بیرونی مددیافتہ امن کے دشمنوں کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی کی۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم اور آرمی چیف کا دورہ نوشکی، فوجی جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جوانوں نے جب علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا تو دہشت گردوں نے کیمپ سے فرار ہونے کی کوشش کی اور سیکیورٹی فورسز پر فائر کھول دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ یہ دہشت گرد ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز پر حالیہ فائرنگ اور حملوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ پاکستان سے دہشت گردی کے واقعات کے ایسے مجرموں کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گے اور انہیں بلوچستان کی ترقی، استحکام اور امن سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: نوشکی اور پنجگور میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام، 4 دہشت گرد ہلاک

یاد رہے کہ 2 فروری کو دہشت گردوں کی جانب سے نوشکی اور پنجگور میں واقع سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر دو علیحدہ علیحدہ حملے کیے گئے تھے۔

تاہم سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دونوں حملوں کو ناکام کردیا گیا تھا جس میں 20 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے جبکہ اس سلسلے میں سیکیورٹی کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ پنجگور میں دہشت گردوں نے دو مقامات سے فوجیوں کے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی، نتیجے میں فورسز نے کوشش ناکام بنادی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی شہید ہوا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نوشکی میں دہشت گردوں نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ فائرنگ کے دوران ایک افسر زخمی بھی ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجگور اور نوشکی میں 15 دہشت گرد مارے گئے، مزید 5 گھیرے میں ہیں، وزیر داخلہ

اگلے روز ہی بلوچستان میں آئی ایس پی آر کی جانب سے ایک کلیئرنس آپریشن کیا گیا تھا۔

مذکورہ حملوں کے بعد آپریشن میں 20دہشت گرد ہوئے، مسلح افواج کے میڈیا وِنگ نے بتایا تھا کہ آپریشن کے دوران 9 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ، 17 اضلاع میں 29 مئی کو الیکشن ہوں گے

فیصل واڈا کی نااہلی، سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب کیلئے شیڈول جاری

ڈپریشن کی وہ حیران کن نشانیاں جو لوگ نظرانداز کردیتے ہیں