لائف اسٹائل

’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کا چھٹا گانا ’یہ دنیا‘ ریلیز

’یہ دنیا‘ کو میوزک بینڈ ’قراقرم‘ کے شیری خٹک نے طلحہٰ انجم اور فارس شفی کے ساتھ گایا ہے۔

گزشتہ ماہ جنوری میں شروع ہونے والے ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کے چھٹے گانے ’یہ دنیا‘ کو ریلیز کردیا گیا۔

’یہ دنیا‘ کو میوزک بینڈ ’قراقرم‘ کے شیری خٹک نے طلحہٰ انجم اور فارس شفی کے ساتھ گایا ہے۔

’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کے چھٹے گانے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں بھی ’کنا یاری‘ کی طرح ریپر گلوکاری کو شامل کیا گیا ہے۔

’یہ دنیا‘ میں اردو ریپنگ نے مداحوں کو کافی محظوظ کیا، تاہم یہ گانا بلوچی گانے ’کنا یاری‘ سے بازی نہ لے سکا۔

یہ بھی پڑھیں: ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کے گانے ’پسوڑی‘ نے مداحوں کے دل جیت لیے

’یہ دنیا‘ کی شاعری عدنان ڈھول، طلحہٰ انجم، فارس شفی اور ذوالفقار جبار خان المعروف زلفی نے لکھی ہے۔

اس گانے کو زلفی نے ہی کمپوز کیا ہے اور انہوں نے ہی شیری خٹک کے ہمراہ اسے پروڈیوس کیا ہے۔

’یہ دنیا‘ کو 12 فروری کو جاری کیا گیا، اس سے قبل علی سیٹھی اور شائے گل کے گانے ’پسوڑی‘ کو سات فروری کو جاری کیا گیا تھا۔

’پسوڑی‘ کوک اسٹوڈیو کا سب سے زیادہ تیزی سے 10 لاکھ بار دیکھا جانے والا گانا بھی بنا تھا۔

اس سے قبل رواں ماہ یکم فروری کو پنجابی زبان کا گانا ’نیڑے نیڑے وس ڈھولا‘ کو ریلیز کیا گیا تھا، جسے ’دی سوچ بینڈ‘ اور ’بٹ برادرز‘ نے گایا تھا۔

مزید پڑھیں: کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کا چوتھا گانا ’نیڑے نیڑے وس ڈھولا‘ ریلیز

اس سے قبل گریمی ایوارڈ نامزد یافتہ امریکی پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب کی آواز میں ’محرم‘ کو 28 جنوری کو جاری کیا گیا تھا۔

عروج آفتاب کے گانے سے قبل 23 جنوری کو عاطف اسلم اور مومنہ مستحسن کا گانا ’سجن ڈس نہ‘ بھی پنجابی زبان میں ریلیز کیا گیا تھا۔

’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کا دوسرا گانا ’کنا یاری‘ گزشتہ ماہ 19 جنوری کو ایوا بی، کیفی خلیل اور عبدالوہاب بگٹی کی آواز میں جاری کیا گیا تھا۔

کوک اسٹوڈیو کا آغاز 14 جنوری سے عابدہ پروین اور نصیبو لال کے گانے ’تو جھوم‘ سے ہوا تھا، جسے شائقین نے خوب سراہا تھا۔

’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘: ’تو جھوم‘ کے بعد ’کنا یاری‘ کے چرچے

’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ عروج آفتاب اور اصفر حسین کا ’محرم‘ ریلیز

’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ عاطف اسلم اور مومنہ مستحسن کا گانا ریلیز