پاکستان

اسلام آباد: ریپ کیس میں چینی شہری گرفتار، مقدمہ درج

افغان خاتون دو سال سے ان کے دفتر میں کام کررہی تھیں جہاں دوائیں برآمد اور درآمدکی جاتی تھیں، پولیس

اسلام آباد پولیس نے ریپ کیس میں ایک چینی شہری کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گرفتار چینی شہری کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اے ٹی ایم سے رقم چراتے ہوئے ایک چینی شہری گرفتار

اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) کوہسار پولیس اسٹیشن سب انسپکٹر (ایس آئی) شبیرتنولی نے کہا کہ پولیس کو ایک خاتون نے کال کی، جس کے بعد خواتین اہلکاروں سمیت ایک ٹیم نے مذکورہ گھر میں چھاپہ مارا جہاں وہ ایک باتھ روم میں موجود تھی۔

پولیس نے بتایا کہ خاتون کا تعلق افغانستان سے ہے۔

ایف آئی آر درج کرنے کے بعد 50 سالہ ملزم کو گرفتار کیا گیا اور خاتون کی جانب سے دی گئیں معلومات کے مطابق اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

ایس ایچ او نے کہا کہ اس کے بعد دونوں کو پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا جہاں چینی شہری کے خلاف ریپ اور غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں الگ الگ مقدمات درج کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریپ کیس خاتون کی شکایت پر درج کیا گیا جبکہ اسلحہ برآمد کرنے کے کیس میں پولیس مدعی ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق خاتون نے کہا کہ وہ ایف ایٹ/4 میں رہائش پذیر ہیں اور ملزم کے دفتر میں کام کرتی ہیں جہاں گزشتہ دو برس سے درآمد اور برآمد کا کام کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: لین دین کے تنازع پر 2 چینی شہریوں پر مبینہ تشدد

مزید کہا گیا کہ خاتون ایف سیون/1 میں واقع ملزم کے گھر میں اپنے بقایا جات وصول کرنے آئی تھیں۔

خاتون نے ایف آئی آر میں مؤقف اپنایا کہ ملزم انہیں زبردستی گھر کے اندر لے گیا اور ان کا ریپ کیا اور بعد میں انہیں سنگین نتائج کی دھمکی دی۔

ایس آئی شبیر تنولی کے مطابق ملزم کو عدالت کے سامنے پیش کیا گیا اور پولیس نے عدالت سے ان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم 2019 سے دوائیاں برآمد اور درآمد کرنے میں ملوث ہے اور افغان خاتون ان کے لیے گزشتہ دو برس سے کام کر رہی تھیں۔

ایس آئی شبیر نے بتایا کہ ملزم مذکورہ خاتون کے ساتھ شادی کرنے کا خواہاں تھا اور کئی مرتبہ خواہش کا اظہار کیا لیکن انہوں نے اس لیے انکار کیا کہ ان کا مذہب دوسرا ہے۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ملزم ان کے تمام اخراجات ادا کر رہا تھا اور یہاں تک کہ اس کے مطابق تبدیلی کے لیے بھی تیار تھا، واقعے سے پہلے دونوں ایک ہوٹل میں گئے اور ساتھ کھانا بھی کھایا تھا۔

ایس آئی شبیر تنولی نے بتایا کہ بعد میں جب ملزم کے گھر کی طرف واپس آئے تو وہاں انہوں نے خاتون سے ایک مرتبہ پھر شادی کی خواہش کا اظہار کیا لیکن انہوں نے انکار کردیا، جس پر ملزم مشتعل ہوا اور خاتون کا ریپ کردیا۔

حجاب پر پابندی: داخلی مسائل پر بیانات کا خیرمقدم نہیں کیا جائے گا، بھارت

پی ایس ایل 7: سرفراز کی ناقابل شکست برق رفتار اننگز، گلیڈی ایٹرز کی یونائیٹڈ کو شکست

اگر دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے تو پرویز خٹک محروم کیوں؟ مولانا فضل الرحمٰن