صحت

سانس کے ذریعے استعمال کی جانے والی کووڈ ویکسین بہت زیادہ مؤثر قرار

میکماسٹر یونیورسٹی کی تحقیق میں براہ راست نظام تنفس تک ویکسین پہنچانے کے مدافعتی میکنزمز پر روشنی ڈالی گئی۔

سائنسدانوں نے ایسی کووڈ ویکسین تیار کی ہے کہ جو سانس کے ذریعے دی جاسکے گی اور وہ کورونا وائرس اور اس کی متعدد اقسام کے خلاف طویل المیعاد تحفظ فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

یہ بات کینیڈا میں اس ویکسین کو تیار کرنے والی ٹیم کی جانب سے جاری تحقیق کے نتائج میں سامنے آئی۔

میکماسٹر یونیورسٹی کی تحقیق میں براہ راست نظام تنفس تک ویکسین پہنچانے کے مدافعتی میکنزمز پر روشنی ڈالی گئی۔

محققین کے مطابق چونکہ سانس کے ذریعے جسم کا حصہ بنائی جانے والی ویکسینز کے لیے پھیپھڑوں اور سانس کی اوپری نالی کو ہدف بنایا جاتا ہے جہاں سے نظام تنفس کے وائرسز سب سے پہلے جسم میں داخل ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے وہ زیادہ ٹھوس مدافعتی ردعمل کو متحرک کرتی ہیں۔

اس ویکسین کے پہلے مرحلے کے کلینکل ٹرائل پر ابھی کام جاری ہے جس میں ایسے صحت مند بالغ افراد میں نئی قسم کی ویکسین کے اثرات کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے جو پہلے ہی کووڈ ایم آر این اے ویکسینز کی 2 خوراکیں استعمال کرچکے ہیں۔

اس تحقیق میں جو نتائج بتائے گئے وہ جانوروں پر ویکسین کی آزمائش پر مبنی تھے۔

یہ ماہرین اس سے پہلے ٹی بی ویکسین ریسرچ پروگرام پر بھی کام کرچکے ہیں اور انہوں نے بتایا کہ ہم نے کافی برس قبل دریافت کیا تھا کہ پھیپھڑوں کو ویکسین پہنچانے سے نظام تنفس کو ٹھوس اور دیرپا تحفظ ملتا ہے جو انجیکشن کے ذریعے دی جانے والی ویکسین میں نظر نہیں آتا۔

واضح رہے کہ اس وقت دستیاب تمام کووڈ ویکسینز انجیکشن کے ذریعے جسم کا حصہ بنائی جاتی ہیں۔

میکماسٹر یونیورسٹی کے ماہرین نے بتایا کہ ہماری اولین ترجیح ایک ایسی ویکسین تیار کرنے ہے جو وائرس کی کسی بھی قسم کے خلاف مؤثر ثابت ہو۔

محققین کی جانب سے ویکسین کی تیاری کے لیے ایڈینو وائرس کی 2 اقسام پر مبنی ویکسینز کا موازنہ کیا جارہا ہے، یہ وائرسز ویکٹر کے طور پر کام کرکے ویکسین کو براہ راست پھیپھڑوں تک پہنچانے کا کام کریں گے۔

میکماسٹر کی ویکسینز کی دونوں اقسام کورونا وائرس کی بہت زیادہ متعدی اقسام کے خلاف بھی مؤثر ثابت ہوئی ہیں کیونکہ انہیں وائرس کے حصوں کو ہدف بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جن میں سے 2 حصوں میں بہت جلدی میوٹیشنز نہیں ہوتیں۔

اس وقت تمام کووڈ ویکسینز میں صرف اسپائیک پروٹین کو ہدف بنایا جاتا ہے جس کے بارے میں ثابت ہوچکا ہے کہ وہ بہت زیادہ میوٹیشن کی صلاحیت رکھنے والا حصہ ہے۔

محققین کو توقع ہے کہ اس ویکسین سے مستقبل کی وبا کے خلاف بھی کسی حد تک تحفظ مل سکے گا کیونکہ کسی وائرس کی وبا کے دوران اگر بہت تیزی سے بھی ویکسین تیار کی جائے تو پہلے ہی تاخیر ہوجاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی نتائج میں معلوم ہوا کہ یہ ویکسین نہ صرف وائرس ناکارہ بنانے والی اینٹی باڈیز اور ٹی سیل مدافعت پیدا کرتی ہے بلکہ اسے براہ راست پھیپھڑوں تک پہنچانے سے ایک منفرد قسم کی مدافعت بھی متحرک ہوتی ہے، جو کورونا وائرس سے ہٹ کر بھی متعدد نظام تنفس کے وائرس کے خلاف تحفظ فراہم کرتی ہے۔

اس ویکسین کی خوراک کی مقدار بھی موجودہ ویکسینز کے مقابلے میں بہت کم ہوتی ہے ممکنہ طور پر موجودہ خوراک کا ایک فیصد حصہ درکار ہوگا تو کم پروڈکشن بھی بڑے پیمانے پر استعمال کرنے کے لیے کافی ہوگی۔

اس تحقیق کے نتائج حال ہی میں طبی جریدے جرنل سیل میں شائع ہوئے۔

بل گیٹس کووڈ کو دنیا کی آخری عالمی وبا بنانے کے لیے کیا کچھ کریں گے؟

نئی اینٹی وائرل ادویات کا امتزاج کورونا وائرس کے خلاف بہت زیادہ مؤثر قرار

کووڈ ویکسینز کی افادیت جلد گھٹ جاتی ہے مگر سنگین بیماری سے ٹھوس تحفظ ملتا ہے، تحقیق