پاکستان

نوشکی: وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیئرمین سینیٹ کا ایف سی کیمپ کا دورہ

ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے جنہوں نے دہشت گردی کی لعنت سے نمٹنے کے لیے مثالی جرات کا مظاہرہ کیا، حاصل بزنجو

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان کے علاقوں نوشکی اور پنجگور میں رواں ہفتے کے اوائل میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کو ناکام بنانے اور حملے میں ملوث دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو سراہا۔

دہشت گردوں نے 2 فروری کو پنجگور اور نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر دو الگ الگ حملے کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے دونوں حملوں کو ناکام بنا کر کلیئرنس آپریشن میں 20 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

مزید پڑھیں: پنجگور اور نوشکی میں 15 دہشت گرد مارے گئے، مزید 5 گھیرے میں ہیں، وزیر داخلہ

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق عبدالقدوس بزنجو نے نوشکی میں ایف سی کیمپ کے دورے کے دوران سیکیورٹی فورسز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے جنہوں نے دہشت گردی کی لعنت سے نمٹنے کے لیے مثالی جرات کا مظاہرہ کیا۔

اس دورے کے دوران چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور دیگر صوبائی وزرا بھی وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ تھے۔

حاصل بزنجو نے کہا کہ جس طرح سیکیورٹی فورسز نے نوشکی اور پنجگور میں حملوں کو ناکام بنایا وہ قابل تعریف ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز نے اپنی قربانیوں سے ثابت کیا کہ کوئی بھی ہمارے پیارے ملک کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کے بعد ملک بھر میں ہائی الرٹ

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں، ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز کی موجودگی میں دشمن ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

وزیراعلیٰ، چیئرمین سینیٹ اور صوبائی وزرا نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے صوبے میں قیام امن کے لیے ایف سی بلوچستان کی قربانیوں اور کوششوں کو بھی سراہا۔

یاد رہے کہ پنجگور میں دہشت گردوں نے دو مقامات سے سیکیورٹی فورسز کے کیمپ میں گھسنے کی کوشش کی تھی تاہم فوجیوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس حملے کو ناکام بنا دیا تھا، فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک سپاہی نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

نوشکی میں آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے ایف سی کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کا فوری جواب دیا گیا جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: نوشکی اور پنجگور میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام، 4 دہشت گرد ہلاک

بیان میں کہا گیا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک اہلکار زخمی ہوا تھا۔

ایک دن بعد آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ بلوچستان میں حملوں کے بعد شروع کیا گیا کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ حملوں کے بعد ہونے والی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 20 دہشت گرد مارے گئے اور اس حملے کے نتیجے میں نو سیکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

معروف بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر کی آخری رسومات ادا کردی گئیں

فرانس میں 'اسلام میں اصلاحات لانے' کیلئے نیا ادارہ قائم

دودھ سے تیار اشیا خورونوش کے وزن میں کمی، قیمتوں میں اضافہ