پاکستان

نیشنل پریس کلب میں تصادم، متعدد صحافی زخمی

واقعے کے وقت پولیس خاموش تماشائی بن کرجائے وقوع پر کھڑی رہی اور صورتحال پر قابو پانے کے لیے کوئی کارروائی نہیں کی۔

اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب (این پی سی) میں دو حریف گروپوں کے درمیان تصادم کے دوران کئی صحافی زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حال میں این پی سی میں سالانہ انتخابات کروائے گئے تھے جس کے بعد (آزاد پینل ) نے اپنے حریف (جرنلسٹ پینل) پر دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے الیکشن پر ریفرنڈم کرانے کا اعلان کیا ہے۔

آزاد پینل کے رہنما، اراکین اور کارکنان کلب کے باہر جمع ہوئے جبکہ فتح حاصل کرنے والے جرنلسٹ پینل کے اراکین کلب کے اندر کی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: لاہور پریس کلب کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ، صحافی قتل

اس سلسلے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے نیشنل پریس کلب کے باہر پولیس تعینات کردی گئی تھی۔

دوپہر کے وقت دونوں گروپوں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی شروع کردی جس نے جھگڑے کو ہوا دی، واقعے میں متعدد صحافی زخمی بھی ہوئے جبکہ دیگر کو بیچ بچاؤ کراتے ہوئے دیکھا گیا۔

اس دوران جائے وقوع پر موجود پولیس افسران خاموش تماشائی بنے رہے، انہوں نے حالات پر قابو پانے کی کوشش بھی نہیں کی۔

بعدازاں واقعے کا علیحدہ مقدمہ کوہسار تھانے میں درج کرلیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں صحافی پر نامعلوم افراد کا تشدد

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکار غیر جانبدار رہے کیونکہ اس سے قبل ان پر الیکشن میں ایک گروپ کی مدد کا الزام لگایا جاچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا واقعے میں ملوث افراد کے خلاف اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔

ترجمان پولیس نے مزید کہا کہ ’اس مسئلے پر کوہسار پولیس اعلیٰ پولیس افسران کی ہدایت اور احکامات کی منتظر ہے‘۔

ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں ایک ماہ کے دوران بڑا اضافہ

ساڑھی کے ساتھ شرٹ پہننے پر حرامانی کو تنقید کا سامنا

پاکستان اب بھی امریکا کا اسٹریٹیجک پارٹنر ہے، ترجمان محکمہ خارجہ