گلوکارہ ریانا کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش متوقع
دنیا کی پہلی ارب پتی خاتون گلوکارہ و موسیقار 33 سالہ بارباڈوسین ریانا کے ہاں جلد پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔
امریکی میگزین ’پیپلز‘ کے مطابق ریانا کو پہلی بار 31 جنوری کو اختتام ہفتہ پر نیویارک میں ’بے بی بمپ‘ کے ہمراہ بوائے فرینڈ امریکی ریپر و گلوکار اسیپ راکی کے ہمراہ دیکھا گیا۔
لوگوں کے ہجوم سے خالی علاقے میں دونوں گلوکاروں کو رومانوی انداز میں ایک دوسرے کے ہاتھوں میں ہاتھ تھامے دیکھا گیا اور ریانا نے ’بے بی بمپ‘ کو عیاں کر رکھا تھا۔
ریانا کے ’بے بی بمپ‘ کے ساتھ سڑک پر گھومنے کے بعد امریکی، برطانوی و یورپی میڈیا نے ان کے حاملہ ہونے سے متعلق متعدد خبریں شائع کیں مگر خود گلوکارہ نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
ریانا کے ’بے بی بمپ‘ سے اندازہ ہوتا ہے کہ انہوں نے کم از کم 7 ماہ تک حاملہ ہونے کی خبر کو میڈیا سے خفیہ رکھا۔
’پیپلز‘ کے مطابق دونوں کے درمیان 2018 کے بعد تعلقات استوار ہوئے تھے، تاہم دونوں 2020 کے بعد اپنے تعلقات میں سنجیدہ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: ریانا دنیا کی امیر ترین گلوکارہ
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گلوکار اسیپ راکی متعدد انٹرویوز میں ریانا سے تعلقات استوار ہونے کو اپنی خوشنصیبی قرار دیتے ہوئے ان سے شدید محبت کا اظہار بھی کرتے دکھائی دیے۔
اسیپ راکی کی طرح ریانا نے بھی متعدد بار دبے الفاظ میں گلوکار سے محبت پر خوشی کا اظہار کیا۔
اسیپ راکی سے قبل ریانا کے تعلقات دیگر افراد سے بھی رہے، تاہم امریکی ریپر سے قبل 2018 تک ان کے تعلقات سعودی عرب کے ارب پتی کاروباری شخص حسین جمیل سے رہے، جن سے ان کی ممکنہ شادی کی خبریں بھی گردش میں رہیں۔
ماضی میں گلوکارہ ریانا سعودی نوجوان حسن جمیل کی شخصیت سے متعلق یہ اقرار بھی کر چکی تھیں کہ وہ ماضی میں ان کے رہنے والے تمام مرد دوستوں سے بہتر اور سنجیدہ ہیں۔
ریانا اور سعودی عرب کے نوجوان کے درمیان اس وقت تعلقات مضبوط ہوئے، جب ریانا نے سابقہ دوست اداکار کرس براؤن سے تعلقات2015 کے بعد ختم ہوئے تھے۔
ریانا واحد خاتون گلوکارہ و موسیقارہ ہیں جو ارب پتی ہیں، وہ میک اپ اور زیر جامہ برانڈز کی مالک بھی ہیں۔
مزید پڑھیں: بھارتی سیاستدان گلوکارہ ریانا کو پاکستانی کیوں سمجھ رہے ہیں؟
انہیں نومبر 2021 میں شمالی امریکی کیریبین ملک بارباڈوس نے اپنا ’قومی ہیرو‘ بھی قرار دیا تھا، وہ بارباڈوس کی 150 سالہ تاریخی کی دوسری خاتون بنی تھیں جنہیں حکومت نے ’قومی ہیرو‘ کا درجہ دیا تھا۔
ان سے قبل 1866 میں ’سارا این گل‘ نامی مذہبی اسکالر خاتون کو ’قومی ہیرو‘ قرار دیا گیا تھا۔
یہی نہیں بلکہ ریانا زندہ افراد میں وہ دوسری شخصیت بنی تھیں، جنہیں ملک و قوم کے سرکاری ’قومی ہیرو‘ کا درجہ دیا گیا تھا، ان سے قبل 85 سالہ کرکٹر سر گار فیلڈ کو ’قومی ہیرو‘ کا درجہ حاصل ہے اور انہیں بھی کئی سال قبل مذکورہ اعزاز دیا گیا تھا۔