کراچی: نیب کی کارروائی، سابق میونسپل کمشنر کورنگی سونا، نقدی سمیت گرفتار
قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے کراچی میں کارروائی کرکے کورنگی کے سابق میونسپل کمشنر اور ساتھیوں کو سونا اور کروڑوں روپے نقدی کے ساتھ گرفتار کرلیا۔
نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نیب راولپنڈی نے کراچی میں بڑی کارروائی کی اور سابق میونسپل کمشنر کورنگی مسرور میمن اور دو ساتھیوں کو بھاری خزانے کے ساتھ گرفتار کرلیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اکاونٹ آفیسر وکاش اور آڈٹ آفیسر دھرم ویر کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران کروڑوں روپے کی ٹی ٹی کی رسیدیں بھی نیب کے ہاتھ لگ گئی ہیں اور 7 کروڑ روپے نقد برآمد کرلیا۔
نیب نے کہا کہ ملزمان کے قبضے سے سونے کی اینٹیں، بٹن، ڈالرز، درہم اور ریال بھی برآمد کرلیے گئے اور برآمد کی گئی رقم گننے کے لیے نیب کو مشینوں کا استعمال کرنا پڑا۔
نیب کا کہنا تھا کہ کورنگی میونسپل کارپوریشن کے لیے آئل خریداری اور دیگر امور میں کرپشن کی گئی، رشوت لے کر ٹھیکے دیے جاتے، کم آئل لے کر زیادہ کی رسیدیں کاٹی جاتی تھیں۔
بیان کے مطابق رقوم جعلی اکاؤنٹس میں ڈالی گئیں، بیرون ملک بھی منتقل ہوئیں اور ملزمان کو کراچی کی احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
نیب کا کہنا تھا کہ ملزمان کا راہداری ریمانڈ حاصل کرکے راولپنڈی منتقل کر دیا جائے گا۔
ایک عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ درست نہیں ہے کہ کروڑو روپے کی ٹی ٹیز برآمد کرلی گئی ہیں تاہم صرف نقد اور سونا برآمد ہوا ہے، جس کی مالیت کا تعین کرنے کے لیے عمل جاری ہے۔