پاکستان

پاکستان میں کورونا کے 6 ہزار 357 نئے کیسز، 17 اموات رپورٹ

ملک بھر میں مثبت کیسز کی شرح 12.8 فیصد ہوگئی جو مسلسل 6 دنوں سے 10 فیصد سے اوپر ریکارڈ کی جارہی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے 6 ہزار 357 نئے کیسز سامنے آگئے جبکہ 17 افراد وبا کا شکار ہوکر جان کی بازی ہار گئے۔

ایک روز قبل ملک بھر میں کورونا کے 7 ہزار 195 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 12.8 فیصد ہوگئی جو مسلسل 6 دنوں سے 10 فیصد سے اوپر ریکارڈ کی جارہی ہے۔

علاوہ ازیں کورونا سے متاثر مزید 17 مریض زندگی کی بازی ہار گئے، یوں اب تک وائرس کے سبب ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار 122 ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا وبا کے آغاز سے ریکارڈ 7 ہزار 678 کیسز رپورٹ

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 556 مریض کورونا سے صحتیاب ہوئے جس کے بعد وبا سے شفایاب ہونے والے افراد کی کُل تعداد 12 لاکھ 69 ہزار 634 ہوگئی۔

ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 82 ہزار 396 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے ایک ہزار 200 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 13 لاکھ 81 ہزار 152 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں کیسز اور اموات کی تعداد کچھ یوں رہی:

وبا کی پانچویں لہر

خیال رہے کہ ملک میں وبا کا پھیلاؤ تقریباً کنٹرول ہوگیا تھا تاہم وائرس کی نئی قسم اومیکرون سامنے آنے کے بعد دسمبر کے اواخر سے کیسز میں تیزی سے اضافے کا سلسلہ جاری ہے جسے وبا کی پانچویں لہر قرار دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 7 ہزار 586 کیسز رپورٹ

اگر وبا کی مختلف لہروں کے دوران مجموعی طور پر سب سے زیادہ کیسز دیکھے جائیں تو 21 جنوری 2022 کو پاکستان میں ایک روز کے دوران اب تک کے سب سے زیادہ 7 ہزار 678 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

23 جنوری 2022 کو یومیہ کورونا کیسز کی دوسری بڑی تعداد سامنے آئے تھی جب ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 7 ہزار 586 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

ویکسی نیشن کی صورتحال

وبا سے بچاؤ کے لیے ملک بھر میں ویکسی نیشن کا سلسلہ بھی جاری ہے، 24 گھنٹوں کے دوران 3 لاکھ 88 ہزار 764 افراد کو ویکسین کی دوسری خوراک لگائے جانے کے بعد ملک بھر میں 8 کروڑ 41 ہزار 973 افراد کی مکمل ویکسی نیشن ہوچکی ہے۔

چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 لاکھ 36 ہزار 182 افراد کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگادی گئی، ملک بھر میں اب تک 10 کروڑ 38 لاکھ 5 ہزار 835 افراد کو ویکسین کی ایک خوراک لگائی جاچکی ہے۔

مزید پڑھیں: ملک میں کورونا کا پھیلاؤ جاری، 6 ہزار 540 نئے کیسز رپورٹ، 12 اموات

یہاں یہ بات مدِنظر رہے کہ این سی او سی کی جانب سے وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیسز کی 10 فیصد سے زائد مثبت شرح والے علاقوں میں انڈور تقریبات اور ڈائننگ پر پابندی لگائی جاچکی ہے۔

علاوہ ازیں ان علاقوں میں 12 سال سے کم عمر بچوں کے لیے 50 فیصد حاضری کے ساتھ ایک دن چھوڑ کر ایک دن اسکولز کھولنے کی ہدایت کی گئی ہے اور 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسی نیشن کے ساتھ 100 فیصد حاضری کی اجازت دی گئی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے ریور راوی منصوبہ غیر قانونی قرار دے دیا

پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ ’آگے دیکھ’ آتے ہی مقبول

پاکستان میں کرپشن بڑھ گئی، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشل کرپشن انڈیکس میں 16 درجے تنزلی