لائف اسٹائل

عثمان خالد بٹ کو لڑکی بناکر ان کی تصویر ڈیٹنگ ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی گئی

اداکار کے مداح نے ڈیٹنگ ایپ پر بنے اکاؤنٹ سے ان کی جعلی تصویر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے انہیں آگاہ کیا۔

ٹیکنالوجی کے اس دور میں ’ڈیپ فیک’ اور ’پورن رینج’ کے بعد اب عام افراد اور اداکاروں کی تصاویر کو کمپیوٹر پر تبدیل کرکے غلط کاموں میں استعمال کیا جانے لگا ہے اور پاکستانی اداکار عثمان خالد بٹ بھی اس کا تازہ شکار بنے۔

ٹوئٹر پر ایک مداح نے ’ڈیٹنگ’ ویب سائٹ ’بمبل’ پر اپ لوڈ کی گئی خالد عثمان بٹ کی جعلی تصویر کو ٹوئٹ کرتے ہوئے اداکار کو مینشن کیا اور بتایا کہ انہیں ساتھی تلاش کرنے والی ویب سائٹ پر لڑکی بنا کر پیش کیا گیا۔

مداح کی جانب سے شیئر کیے گئے اسکرین شاٹ میں نظر آنے والی لڑکی عثمان خالد بٹ کا فیمیل ورژن معلوم ہوتی ہیں۔

اسکرین شاٹ کے مطابق مذکورہ تصویر کو ’بمبل’ نامی ’ڈیٹنگ’ ویب سائٹ پر 24 سالہ عمیرہ کے نام سے اپ لوڈ کیا گیا ہے۔

’بمبل’ نامی ویب سائٹ یا ایپلی کیشن مرد و خواتین کو رومانس کے لیے ساتھی تلاش میں مدد فراہم کرنے کی سہولیات دیتی ہے۔

عثمان خالد بٹ کی عورت مارچ کی پرانی تصویر کو ایڈٹ کرکے اور اداکار کی جگہ لڑکی کا چہرہ لگاکے اسے عمیرہ کا نام دے کر ’بمبل’ پر فرضی اکاؤنٹ بنایا گیا تھا۔

مذکورہ تصویر ’بمبل’ پر نظر آنے کے بعد مداح نے اسے ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے عثمان خالد بٹ کو بھی مینشن کیا، جنہوں نے اپنی جعلی تصویر کو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں مذکورہ جعلی تصویر دیکھ کر کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔

ساتھ ہی اداکار نے انکشاف کیا کہ تاہم وہ اپنی کزن کے ہم شکل ضرور ہیں، جس پر وہ تھوڑے سے پریشان بھی ہوتے ہیں۔

عثمان خالد بٹ کے چہرے کو خاتون کے چہرے میں تبدیل کرنے پر جہاں اداکار کو کوئی حیرانی نہیں ہوئی، وہیں کچھ لوگوں نے ایسی حرکت پر مزاحیہ تبصرے بھی کیے اور بعض لوگوں نے ایسا کرنے والوں پر تنقید بھی کی۔

حمیمہ ملک مذہبی شخصیت سے شادی کی افواہوں پر برہم

’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ عاطف اسلم اور مومنہ مستحسن کا گانا ریلیز

جسٹس عائشہ ملک نے سپریم کورٹ کی پہلی خاتون جج کا حلف اٹھالیا