پاکستان

پاکستان میں کورونا وبا کے آغاز سے ریکارڈ 7 ہزار 678 کیسز رپورٹ

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 23 مریض زندگی کی بازی ہار گئے، کیسز مثبت آنے کی شرح 12.93 فیصد تک پہنچ گئی۔
|

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 7 ہزار 678 نئے کیسز سامنے آگئے جو وبا کے آغاز سے اب تک ایک روز میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق اس سے قبل سب سے زیادہ 6 ہزار 825 کیسز 13 جون 2020 کو رپورٹ ہوئے تھے۔

گزشتہ روز وائرس کی تشخیص کے لیے 59 ہزار 343 ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں کیسز مثبت آنے کی شرح 12.93 فیصد رہی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں یومیہ کورونا کیسز کی دوسری بلند ترین تعداد رپورٹ

علاوہ ازیں مزید 23 مریض وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے، یوں اب تک کورونا وائرس کے سبب ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار 65 ہوگئی ہے۔

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 13 لاکھ 53 ہزار 479 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں کیسز اور اموات کی تعداد کچھ یوں رہی:

وبا کی پانچویں لہر

خیال رہے کہ ملک میں وبا کا پھیلاؤ تقریباً کنٹرول ہوگیا تھا تاہم وائرس کی نئی قسم اومیکرون سامنے آنے کے بعد دسمبر کے اواخر سے کیسز میں تیزی سے اضافے کا سلسلہ جاری ہے جسے وبا کی پانچویں لہر قرار دیا گیا ہے۔

اگر وبا کی مختلف لہروں کے دوران سب سے زیادہ کیسز دیکھے جائیں تو اس سے قبل سب سے زیادہ کیسز 13 جون 2020 کو رپورٹ ہوئے تھے جن کی تعداد 6 ہزار 825 تھی۔

وبا کی دوسری لہر میں سب سے زیادہ کیسز 6 دسمبر 2020 کو سامنے آئے جو 3 ہزار 795 تھے۔

اسی طرح تیسری لہر کے دوران 17 اپریل 2021 کو کیسز کی بلند ترین تعداد 6 ہزار 127 ریکارڈ کی گئی۔

چوتھی لہر میں سب سے زیادہ کیسز 4 اگست 2021 کو رپورٹ ہوئے تھے جو 5 ہزار 661 تھے۔

مزید پڑھیں:اومیکرون ویرینٹ: اسکولوں میں 50 فیصد حاضری کا فیصلہ، انڈور تقریبات پر پابندی

اس وقت ملک بھر میں فعال کیسز کی تعداد 57 ہزار 935 تک پہنچ چکی ہے جن میں سے 918 کی حالت تشویشناک ہے۔

علاوہ ازیں مزید 814 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے جس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 66 ہزار 479 ہوگئی۔

کیسز کی مثبت شرح

شہروں کے اعتبار سے اگر مثبت کیسز کی شرح دیکھی جائے تو وبا کی پانچویں لہر سے کراچی سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں ٹیسٹس کے نتیجے میں کورونا وائرس تشخیص ہونے کی شرح 45.43 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔

کراچی کے بعد سب سے زیادہ مثبت شرح والے شہر درج ذیل ہیں:

ویکسینیشن کی صورتحال

وبا سے بچاؤ کے لیے ملک میں ویکسینیشن کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اب تک مجموعی طور پر 17 کروڑ 6 لاکھ 49 ہزار 149 ویکسینز لگائی جاچکی ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7 لاکھ 86 ہزار 27 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔

یہاں یہ بات مدِ نظر رہے کہ این سی او سی کی جانب سے وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیسز کی 10 فیصد سے زائد مثبت شرح والے علاقوں میں انڈور تقریبات، اور ڈائننگ پر پابندی لگائی جاچکی ہے۔

علاوہ ازیں ان علاقوں میں 12 سال سے کم عمر بچوں کے لیے 50 فیصد حاضری کے ساتھ ایک دن چھوڑ کر ایک دن اسکولز کھولنے کی ہدایت کی گئی ہے اور 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسینیشن کے ساتھ 100 فیصد حاضری کی اجازت دی گئی ہے۔

کچی آبادی کی زمین دولت بنانے کیلئے استعمال نہیں کی جاسکتی، سپریم کورٹ

بل گیٹس پولیو کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں کے معترف

'داسو ہائیڈرو پاور منصوبے پر کام بحال ہوچکا ہے'