پاکستان

طارق محمودالحسن وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی مقرر

معاون خصوصی کے عہدے کے لیے مکمل اعتماد کا اظہار کرنے پر وزیر اعظم کا شکرگزار ہوں، طارق محمودالحسن
|

لندن: وزیراعظم عمران خان نے مخدوم سید طارق محمود الحسن کو معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی اور انسانی ترقی مقرر کردیا ہے۔

کابینہ ڈویژن سے جمعرات کو جاری اعلامیے میں پاکستانی تاجر اور سیاستدان کی بطور معاون خصوصی تقرری کی تصدیق کی گئی۔

مزید پڑھیں: زلفی بخاری وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی مقرر

بطور معاون خصوصی تقرری سے قبل جمعرات کو ہی وزیر اعظم عمران خان نے طارق محمود الحسن سے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی اور معاون خصوصی کے عہدے کے لیے مکمل اعتماد کا اظہار کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے اور وہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ان مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنے عہدے کو بھرپور استعمال کریں گے۔

محمود الحسن نے کہا کہ میں وزیراعظم عمران خان کا شکرگزار اور بطور معاون خصوصی تقرری پر ان کا ممنون ہوں، میں ان کی کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے مکمل لگن سے کام کروں گا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی محمود الحسن ایک مشہور مصنف، قانونی ماہر کے ساتھ ساتھ فلاحی کام کے لیے بھی شہرت رکھتے ہیں، انہوں نے برطانیہ نارتھمپٹن ​​یونیورسٹی سے بزنس کی ڈگری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ قانون میں بھی ماسٹر کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: رنگ روڈ اسکینڈل: وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری مستعفی

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 4 ماہ قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے محمود الحسن کو پنجاب اوورسیز کمیشن کا وائس چیئرپرسن تعینات کیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال مئی میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے رنگ روڈ انکوائری میں عائد الزامات کے پیش نظر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔