لائف اسٹائل

’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘: ’تو جھوم‘ کے بعد ’کنا یاری‘ کے چرچے

موسیقی کے شائقین کی جانب سے ’کوک اسٹوڈیو‘ کے بلوچی پاپ گانے کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

موسیقی کے شائقین کے لیے ’کوک اسٹوڈیو‘ نے چودہویں سیزن کا دوسرا گانا ریلیز کردیا، جسے شائقین کی جانب سے کافی سراہا جا رہا ہے۔

’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کا دوسرا گانا بلوچی زبان میں جاری کیا گیا، جسے ایوا بی اور کیفی خلیل سمیت وہاب بگٹی نے گایا ہے۔

’کنا یاری‘ کے عنوان سے بلوچی گانے کو 19 جنوری کو ریلیز کیا گیا، جسے ایک ہی دن میں 10 لاکھ بار تک دیکھا گیا۔

’کنا یاری‘ کی سب سے اچھی بات اس کی موسیقی ہے، جسے نئی نسل کی پسندیدہ موسیقی میں جاری کیا گیا ہے۔

نئی اور پرانی بلوچی موسیقی کے میلاپ سے بنایا گیا گانا ’کنا یاری‘ گانے کی شاعری بھی کیفی خلیل اور ایوا بی نے لکھی ہے اور گانے میں انہیں شاندار طریقے سے پرفارمنس کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

’کنا یاری‘ کی موسیقی بھی خلیل کیفی نے ترتیب دی ہے جب کہ اسے ذوالفقار خان اور المعروف ذوالفی، عبداللہ صدیقی، ارسلان حسن اور شیری خٹک نے پروڈیوس کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’تو جھوم‘ کے ساتھ ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کا آغاز

’کنا یاری‘ کی زیادہ تر شاعری بلوچی زبان میں ہے، تاہم گانے کو خوبصورت بنانے کے لیے اس میں دیگر زبانوں کے الفاظ بھی شامل کیے گئے ہیں اور اسے جدید انداز میں پیش کرکے شائقین کا مزہ دوبالا کیا گیا ہے۔

’کنا یاری‘ سے قبل 14 جنوری کو ’تو جھوم‘ سے ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘ کا آغاز کیا گیا تھا۔

’تو جھوم‘ میں لیجنڈری گلوکارہ عابدہ پروین اور نصیبو لال کی نہ صرف پرفارمنس اور آواز کو سراہا گیا بلکہ ان کی ایک دوسرے کے ساتھ عزت سے ملنے اور ایک دوسرے کو ہاتھ جوڑ کر مخاطب ہونے کی ویڈیوز پر بھی شائقین نے ان کی تعریفیں کی تھیں۔

’تو جھوم‘ گانے کو ایک ہفتے سے بھی کم دورانیے میں تقریبا ایک کروڑ بار تک یوٹیوب پر دیکھا جا چکا ہے۔

نادیہ خان نے شرمیلا فاروقی کو کارروائی کے اعلان پر جواب دے دیا

’جاوید اقبال: دی اَن ٹولڈ اسٹوری آف آ سیریل کلر' رواں ماہ ریلیز کرنے کا اعلان

فرانسیسی ’سپر اسٹار‘ گیسپارد یولیل اسکیٹنگ حادثے کے دوران ہلاک