لائف اسٹائل

نادیہ خان نے شرمیلا فاروقی کو کارروائی کے اعلان پر جواب دے دیا

ایک روز قبل شرمیلا فاروقی نے اعلان کیا تھا کہ وہ ٹی وی میزبان کے خلاف ایف آئی اے میں شکایت درج کروائیں گی۔

ٹی وی میزبان و اداکارہ نادیہ خان نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کی جانب سے اپنے خلاف قانونی کارروائی کے اعلان پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنہیں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) جانا ہے، چلا جائے۔

شرمیلا فاروقی نے ایک روز قبل نادیہ خان کے خلاف قانونی کارروائی اور ایف آئی اے کے سائبر کرائم میں شکایت درج کروانے کا اعلان کیا تھا۔

شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کی جانب سے والدہ کے ہمراہ نامناسب انداز میں ویڈیو بنانے کے بعد ٹی وی میزبان کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔

نادیہ خان نے کچھ دن قبل شرمیلا فاروقی کی والدہ انیسہ فاروقی کے ہمراہ اداکارہ صبور علی کی شادی کی تقریب میں ایک ویڈیو بنائی تھی جو دو دن قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں نادیہ خان کو شرمیلا فاروقی کی عمر رسیدہ والدہ سے میک اپ، لباس اور زیورات سے متعلق سوال کیے گئے مگر میزبان کا انداز تمسخر اڑانے والا تھا، جس وجہ سے ان پر خوب تنقید بھی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: شرمیلا فاروقی کا نادیہ خان کے خلاف کارروائی کا اعلان

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کے رویے کو سستی شہرت کا طریقہ قرار دیتے ہوئے ان کے لیے سخت الفاظ بھی استعمال کیے تھے۔

شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ نادیہ خان کو ایک عمر رسیدہ خاتون کے ہمراہ نامناسب انداز میں ویڈیو بنانے سے قبل کچھ شرم کرنا چاہیے تھا، انہیں سستی شہرت کے لیے ایسا رویہ نہیں اختیار کرنا چاہیے تھا۔

رکن سندھ اسمبلی نے نادیہ خان کے خلاف ایف آئی اے کے سائبر کرائم میں شکایت درج کروانے کا اعلان بھی کیا تھا جب کہ یہ بھی کہا تھا کہ اگر انہیں ٹی وی میزبان کے خلاف عدالت جانا پڑا تو بھی وہ پیچھے نہیں ہٹیں گی۔

شرمیلا فاروقی کے اعلان کے بعد اب نادیہ خان نے بھی انہیں جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف جنہیں سائبر کرائم میں جانا ہے، چلا جائے۔

نادیہ خان نے ’سما ٹی وی‘ سے مختصر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شرمیلا فاروقی کی والدہ کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو ڈیلیٹ کردی، اب جنہیں سائبر کرائم جانا ہے، اپنا شوق پورا کرلے۔

ساتھ ہی نادیہ خان نے کہا کہ وہ شرمیلا فاروقی کی باتوں پر مزید کچھ نہیں کہنا چاہتیں، اگر وہ کچھ کہیں گی تو بات بڑھ جائے گی اور معاملہ دوسرا رخ اختیار کرلے گا۔

نادیہ خان کے جواب پر تاحال شرمیلا فاروقی نے کوئی جواب نہیں دیا اور نہ ہی تاحال انہوں نے ایف آئی اے میں شکایت درج کروانے سے متعلق کوئی بات کہی ہے۔

بیان حلفی کیس: گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم پر فرد جرم عائد

پاکستان میں یومیہ کورونا کیسز کی دوسری بلند ترین تعداد رپورٹ

اپوزیشن کو ایمرجنسی کی افواہوں کے پسِ پردہ منظم مہم ہونے کا شبہ