’آسکر‘ کی میزبانی سلینا گومز کے حصے میں آنے کا امکان
خبریں ہیں کہ فلمی دنیا کے سب سے متعبر ترین ایوارڈز شو ’آسکر‘ کی میزبان ٹیم میں امریکی گلوکارہ، اداکارہ و میزبان سلینا گومز بھی شامل ہوں گی۔
فلمی دنیا کے سب سے معتبر فلمی ایوارڈ 'آسکر' دینے والے ادارے دی اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنس اور اے بی سی ٹیلی وژن نیٹ ورک نے گزشتہ ہفتے ہی 94 ویں ایوارڈ کو میزبان کے ساتھ منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس سے قبل گزشتہ تین سال سے کسی میزبان کے بغیر ہی منعقد کی جا رہی تھی۔
اگرچہ انتظامیہ اور ٹی وی چینل نے اس سال کی تقریب میزبان کے ساتھ منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم انہوں نے میزبانوں کے ناموں کا اعلان نہیں کیا تھا۔
اب خبریں سامنے آئی ہیں کہ ’آسکر‘ و ٹی وی چینل انتظامیہ سلینا گومز سمیت تین اداکاروں و میزبانوں کے ہمراہ مذاکرات میں مصروف ہے اور ممکنہ طور پر اس سال پہلی بار گلوکارہ میزبانی کے فرائض سر انجام دیں گی۔
شوبز ویب سائٹ ’ورائٹی‘ نے اپنی خصوصی رپورٹ میں بتایا کہ ’آسکر‘ و ٹی وی انتظامیہ تقریب کی میزبانی کے لیے اداکار پیٹ ڈیوڈسن کے ساتھ مذاکرات میں مصروف تھی مگر ان کے ساتھ باتوں کا کوئی حل نہیں نکلا اور امکان یہی ہے کہ وہ ایوارڈز تقریب کی میزبانی نہیں کریں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ آسکر کی تقریب کو نشر کرنے والے چینل اے بی سی کے صدر نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں سلینا گومز کی میزبانی کی تعریف کی، جس کے بعد چہ مگوئیاں شروع ہوئیں کہ ممکنہ طور پر گلوکارہ اس سال ایوارڈز تقریب کی میزبانی کریں گی۔
رپورٹ میں متعدد ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اے بی سی نیٹ ورک انتظامیہ سلینا گومز سمیت سینیئر اداکار و میزبان اسٹیو مارٹن اور مارٹن شاٹ کے ساتھ بھی پروگرام کی میزبانی کے حوالے سے مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تین سال بعد ’آسکر‘ ایوارڈز کی تقریب میزبان کے ساتھ منعقد کرنے کا اعلان
خیال کیا جا رہا ہے کہ تینوں میزبان 94 ویں آسکر کی تقریب کی میزبانی کے فرائض سر انجام دیں گے اور پہلا موقع ہوگا کہ کم عمر سلینا گومز سب سے بڑے فلمی میلے کی میزبانی کریں گی۔
توقع ہے کہ ’آسکر‘ ایوارڈز انتظامیہ رواں ماہ کے آخر یا آئندہ ماہ فروری کے آغاز تک میزبانوں کے ناموں کا اعلان کرے گی۔
ٹی وی چینل اور ایوارڈز دینے والی اکیڈمی کی انتظامیہ نے پہلے ہی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایوارڈز تقریب کو 27 مارچ کو منعقد کیا جائے گا۔
انتظامیہ نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ 94 ویں سالانہ تقریب کا انعقاد لاس اینجلس کے روایتی ڈولبے تھیٹرز میں منعقد کیا جائے گا، جہاں سالوں سے تقریب منعقد ہوتی آ رہی ہے۔