دنیا

’افغانستان کا مستقبل پاکستان کے ساتھ طالبان کے تعلقات، مغربی امداد پر منحصر ہے‘

رپورٹس میں امریکا،اس کے اتحادیوں کو یاددہانی کرائی گئی ہےکہ صرف انسانی بنیادوں پر امداد افغانستان میں معاشی انہدام نہیں روک سکتی۔

امریکی مرکزی ادارے کی دو حالیہ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور دیگر ممالک کی امداد اور طالبان حکومت کے پاکستان کے ساتھ تعلقات افغانستان کے مستقبل کو تشکیل دیں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان رپورٹس میں واشنگٹن سے تعلق رکھنے والے امریکی انسٹی ٹیوٹ آف پیس (یو ایس آئی پی) نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کو یاد دہانی کرائی ہے کہ صرف انسانی بنیادوں پر کی گئی امداد افغانستان میں معاشی انہدام نہیں روک سکتی۔

یو ایس آئی پی نے رواں ہفتے ایک بڑی تحقیقاتی رپورٹ، جو کہ 2021 میں افغانستان اور دیگر معاملات سے متعلق تیار کی تھی، کے خلاصے کے طور دو رپورٹس جاری کی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا نے افغانستان میں 20 برس کے دوران یومیہ 29 کروڑ ڈالر خرچ کیے

لکھاری ایلزبتھ تھرلکیلڈ کا ماننا ہے کہ افغان حکومت کو اب سے مستقبل میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے دی گئی امداد ملک کے مستقبل کی شکل واضح کرے گی۔

ان کے مطابق افغانستان کو بیرونی ذرائع سے ملنے والی مدد کی حد، خاص طور پر پاکستان کی جانب سے ملنے والی سپورٹ افغانستان کے مستقبل کے تعین میں فیصلہ کن عنصر ثابت ہوگا۔

افغان اور پاکستانی ماہرین کے انٹرویوز پر مشتمل ایک رپورٹ ان کلیدی عوامل کی نشاندہی کرتی ہے جو ان ممالک کے درمیان تنازعات اور تعلقات کے درمیان موجود ہیں اور ساتھ ہی وضاحت کرتے ہوئے کہ کیسے دوطرفہ تعلقات افغانستان میں مستقبل کے نتائج کو متاثر کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں 20 سالہ امریکی جنگ اختتام پذیر، طالبان کا جشن

رپورٹ اس بات کی طرف بھی اشارہ کرتی ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر پاکستان کے ساتھ ایک مثبت تعلق استحکام کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

تاہم رپورٹ میں خبردار بھی کیا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان شکایات اور شدید تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کے برعکس نتائج بھی برآمد ہوسکتے ہیں۔

مصنف نے دلیل دی ہے کہ مذاکرات کے ذریعے ایک دوسرے کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظات دور کرکے افغانستان اور پاکستان خطے کے استحکام اور اپنے شہریوں کی بہتری کے لیے اپنے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کر نے کے بہترین امکانات رکھتے ہیں۔

ان اہم معاملات میں سے ایک ڈیورنڈ لائن کا تنازع بھی ہے جو رواں ہفتے بھی پاکستان اور طالبان بارڈر گارڈز کے درمیان جھڑپ کی طرف لے گیا تھا۔

پاکستان چاہتا ہے کہ افغانستان، ڈیورنڈ لائن کو عالمی سرحد کے طور پر تسلیم کرے جبکہ طالبان سابقہ حکومت کی طرح اس کو سرحد تسلیم کرنا نہیں چاہتے۔

رپوٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ان عوامل کی وجہ سے، جو کہ 100 سال سے بھی زیادہ پرانے ہیں، کشیدہ ہی رہیں گے۔

رپورٹ کے مطابق اس تناؤ اور کشیدگی کے 5 عوامل ہیں جن میں خود مختاری سے متعلق تحفظات، سلامتی کے مفادات، خطے کے سیاسی عوامل، سرحد کے دونوں طرف کی رشتہ داریاں اور رابطے، تجارت ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان، افغانستان کیلئے سب سے اہم ہمسایہ ملک ہے، امریکی رپورٹ

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ تمام عوامل مل کر افغانستان اور سرحدی خطے میں استحکام کے مستقبل کے امکانات کی شکل کو واضح کریں گے۔

دوسری رپورٹ میں ڈاکٹر ولیم بائرڈ نے لکھا ہے کیسے افغانستان کے معاشی اور انسانی بحران کو کم کیا جائے۔

مصنف کا کہنا ہے کہ افغانستان کے لیے بنیادی دھچکا اس کی اچانک سالانہ 8 ارب ڈالرز کی امداد کا بند ہونا اور افغانستان کے 9 ارب ڈالرز کے زرمبادلہ کے ذخائر کا منجمد ہونا تھا۔

مصنف نے مزید لکھا کہ حالیہ دنوں میں اقوام متحدہ اور امریکا دونوں نے طالبان پر عائد اپنی پابندیوں میں نرمی کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔

مزید پڑھیں: افغانستان میں تیز سیاسی پیش رفت سے پاکستان کی کوششوں کو ٹھیس پہنچے گی، رپورٹ

ڈاکٹر بائرڈ نے خبردار کیا ہے کہ صرف انسانی امداد افغان معشیت کو محفوظ نہیں بنا سکتی، انہوں نے نجی کاروبار اور کمرشل سرگرمیوں کا احاطہ کرنے والی پابندیوں کے خاتمے کی تجویز دی ہے۔

انہوں نے دلیل دی ہے کہ طالبان کی مدد کرنے کا خطرہ اس خطرے سے کم ہے جو جاری معاشی تباہی کی صورت میں ظاہر ہوگا۔

ڈاکٹر بائرڈ نے ہیلتھ ورکرز، اساتذہ اور دوسری ضروری خدمات فراہم کرنے والے افراد کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے افغانستان کے ریونیو اور امدادی فنڈز پر مشتمل رقوم کو استعمال کرنے کی تجویز دی۔

انہوں نے 90 کروڑ ڈالرز کے افغانستان کے منجمد زرمبادلہ کے ذخائر کی بحالی کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک میں بینکنگ نظام کو بحال کرنے اور تباہی سے بچانے میں مدد ملے گی۔

ڈاکٹر بائرڈ نے افغانستان کی معیشت کی ایڈجسمنٹ کی سہولت کے لیے معاشی بدحالی کو روکنے اور ادائیگیوں کے توازن کو برقرار رکھنے بتدریج زرمبادلہ کےذخائر کو جاری کرنے کی تجویز بھی دی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان، امریکا، چین، روس کا افغانستان سے سرحد پار حملوں کے خاتمے پر زور

انہوں نے مزید کہا کہ ذخائر کو کچھ ایسے خاص مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے جن میں براہ راست طالبان شامل نہیں ہیں جیسے ازبکستان اور تاجکستان سے درآمد شدہ بجلی کے بلز کی ادائیگی اور گزشتہ حکومت کی جانب سے عالمی اداروں سے لیے گئے قرضوں کی ادائیگی کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ڈاکٹر بائرڈ نے کابل پر بھی زور دیا کہ وہ وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک کی آزادی کو بحال کرے اور اہم عہدوں پر تجربہ کار و قابل ٹیکنوکریٹ لوگوں کو مقرر کرے۔

انہوں نے رواں سال کے قومی بجٹ کو عوامی سطح پر دستیاب اور قابل اعتماد بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

صبور علی کی شادی میں امر خان کے رقص پر مداح ناراض

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سرکاری عہدوں پر تقرریوں کے قوانین میں خلاف ورزی کا مرتکب

’مری میں اس سے بھی زیادہ برفباری ہوچکی ہے، بدانتظامی نے سانحے کو جنم دیا‘