کھیل

میسی کورونا وائرس کا شکار، خود کو آئسولیٹ کر لیا

میسی ان دنوں ارجنٹائن میں اپنے آبائی علاقے میں چھٹیاں منارہے ہیں اور اسی دوران ان کا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

سات مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے ارجنٹائن کے اسٹار لیونل میسی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں اور انہوں نے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق میسی کے کلب پیرس سینٹر جرمین نے فرنچ کپ میں وینز کے خلاف میچ سے قبل سپراسٹار سمیت چار کھلاڑیوں کے وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی۔

مزید پڑھیں: میسی: جو ایک کھلاڑی اور ایک کلب سے کچھ زیادہ ہیں

میسی ان دنوں ارجنٹائن میں اپنے آبائی علاقے میں چھٹیاں منارہے ہیں اور اسی دوران ان کا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

پی ایس جی کے کوچ ماریشیو پوچٹینو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میسی مستقل ہماری میڈیکل سروس سے رابطے میں ہیں اور جب ان کا ٹیسٹ منفی آ جائے گا تو وہ فرانس واپس آ جائیں گے۔

میسی کو بارسلونا چھوڑ کر پی ایس جی آنے کے بعد سے مستقل مشکلات کا سامنا ہے اور وہ اپنے نئے کلب میں 11 میچوں میں صرف ایک گول اسکور کر سکے ہیں البتہ چیمپیئنز لیگ میں انہوں پانچ بار گیند کو گول کی راہ دکھائی ہے۔

وائرس کا شکار ہونے کی وجہ سے میسی پیر کو ہونے والے میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے جبکہ اتوار کو ہونے والے میچ میں بھی ان کی شرکت مشکوک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میسی ساتویں مرتبہ ’بیلن ڈی اور‘ ایوارڈ جیتنے میں کامیاب

وائرس کا شکار ہونے والے پی ایس جی کے بقیہ تین کھلاڑیوں میں جوآن برنیٹ، متبادل گول کیپر سرجیو ریکو اور مڈفیلڈر نیتھن بیٹومزالا شامل ہیں۔

پی ایس جی کے کوچ کے مطابق یہ تین کھلاڑیوں اس وقت آئسولیشن میں ہیں اور ٹیسٹ منفی آنے تک آئسولیشن میں ہی رہیں گے۔

ماریشیو پوچٹینو نے کہا کہ ہم دو سال سے وائرس کے ساتھ جی رہے ہیں اور ہر کوئی جانتا ہے کہ وائرس کا شکار نہ ہونے کے لیے کیا کرنا چاہیے لیکن اگر پھر بھی ہم اس کا شکار ہو جائیں تو ہم اس کو کنٹرول نہیں کر سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم عالمی سطح پر اس خطرے کے ساتھ جی رہے ہیں اور فٹبال میں ہمارا رابطہ ہونا ناگزیر ہیں کیونکہ ہم ایک ہی ڈریسنگ روم شیئر کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: رونالڈو کے 'عمل سے کوکا کولا کو 4 ارب ڈالر کا نقصان'، ٹوئٹر صارفین کے دلچسپ تبصرے

واضح رہے کہ فرانس میں کورونا وائرس کے کیسز اس ہفتے یومیہ 2لاکھ تک پہنچ چکے ہیں۔