پاکستان

کے پی بلدیاتی انتخابات: وزیر اعظم کی دوسرے مرحلے میں کامیابی کیلئے پارٹی کو متحد کرنے کی ہدایت

وزیر اعلیٰ اگلے مرحلے کے لیے پارٹی صفوں میں اتحاد اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات اٹھائیں، عمران خان

حال ہی میں خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اپنے گڑھ میں غیر متوقع شکست اور پارٹی امیدواروں میں اختلافات کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے صوبے کے وزیر اعلیٰ کو ہدایت کی ہے کہ اگلے ماہ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی کے لیے پارٹی کی صفوں میں اتحاد کو یقینی بنایا جائے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے وزیر اعظم سے ملاقات کی جس میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے اور صوبے میں پی ٹی آئی کے تنظیمی ڈھانچے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق عمران خان نے وزیر اعلیٰ کو ہدایت کی کہ وہ بلدیاتی انتخابات کے اگلے مرحلے کے لیے پارٹی صفوں میں اتحاد اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کریں۔

ملاقات میں وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم کو صوبے میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا جس پر عمران خان نے تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ لوگوں کو جلد ریلیف اور سہولیات مل سکیں۔

مزید پڑھیں: کے پی بلدیاتی انتخابات: پی ٹی آئی وزرا، چیئرمین پی پی پی سمیت دیگر پر جرمانہ

بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں شکست کے بعد وزیر اعظم نے پی ٹی آئی کے تنظیمی ڈھانچے کو منظم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے محمود خان سے اس شکست پر شکوہ کیا تھا۔

انہوں نے امیدواروں کے ’غلط انتخاب‘ کو شکست کی بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ کچھ حلقوں میں پی ٹی آئی کے تین امیدوار ایک نشست کے لیے الیکشن لڑ رہے تھے۔

پی ٹی آئی کے امیدواروں میں اختلافات کی تصدیق اس وقت ہوئی جب ان میں سے بعض نے ایک دوسرے کے خلاف عدالتوں کا رخ کیا۔

ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ جماعت کے امیدواروں کے درمیان اختلافات کی وجہ سے وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ کو ہدایت کی کہ وہ 16 جنوری 2021 کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے قبل، پارٹی صفوں میں اتحاد کو یقینی بنائیں‘۔

ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 19 دسمبر کو ہونے والے انتخابات میں صوبے کے 17 اضلاع کی 63 میں سے 45 تحصیلوں کے نتائج کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: بلدیاتی انتخابات میں حریف جماعتوں کی پی ٹی آئی پر برتری

نتائج کے مطابق 53 تحصیلوں کے عبوری، غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) 20 نشستوں کے ساتھ آگے ہے۔

پی ٹی آئی 13 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر جبکہ 10 تحصیلوں میں آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے اب تک 6 تحصیلوں میں کامیابی حاصل کی ہے، مسلم لیگ (ن) 3، جماعت اسلامی 2 اور پیپلز پارٹی اور تحریک اصلاح پاکستان نے ایک، ایک نشست حاصل کی ہے۔

جے یو آئی (ف) نے صوبائی دارالحکومت پشاور، کوہاٹ اور بنوں میں میئر کی نشستوں پر بھی کامیابی حاصل کی جبکہ مردان میں اے این پی کے میئر کے امیدوار نے انتخابات میں برتری حاصل کی۔

بوسنیا: 9 سربوں پر 100 مسلمانوں کو قتل کرنے کی فرد جرم عائد

وزیر اعظم نے منی بجٹ پر اتحادیوں کا اجلاس طلب کرلیا

جونیئر جج عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں ترقی پر بار کونسل کا مخالفت کا منصوبہ