پاکستان

کراچی میں مزید بارشوں کا امکان نہیں، محکمہ موسمیات

نیا سسٹم 31 دسمبر تک ملک میں داخل ہوگا تاہم ابھی اس سسٹم کے کراچی کو متاثر کرنے کے امکانات بہت کم ہیں، محمکہ موسمیات
| Welcome

محکمہ موسمیات نے کراچی میں مزید بارشوں کے امکان کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے دن صرف چند علاقوں میں بوندا باندی کے امکانات ہیں۔

شہر میں پیر کے روز اکثر مقامات پر ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا تھا۔ محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر سردار سرفراز نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ ان کی آبزرویٹری نے پی اے بیس مسرور پر 27 ملی ملیٹر، گلشن حدید میں 22 ملی میٹر، ناظم آباد میں 18.2 ملی ملیٹر اور سرجانی ٹاؤن، کیماڑی اور اورنگی میں 12.6 ملی ملیٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

مزید پڑھیں: کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور معتدل بارش سے موسم خوشگوار

بارش کے ساتھ شہر میں ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ڈاکٹر سرفراز کے مطابق ٹھنڈی ہوائیں اگلے 3 روز تک شہر کو اپنی لپیٹ میں لیے رکھیں گی اور اس دوران ہواؤں کی رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ تک جانے کا امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا بارشوں کا نیا سسٹم بلوچستان کے راستے 31 دسمبر تک ملک میں داخل ہوگا تاہم ابھی اس سسٹم کے کراچی کو متاثر کرنے کے امکانات بہت کم ہیں۔

کل ہونے والی بارشوں کی نتیجے میں صدر کے علاقے میں فریئر مارکیٹ کے نزدیک 35 سالہ شخص کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا جس کی شناخت غلام حسین کے نام سے ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی سمیت ملک کے اکثر علاقوں میں بارش، متعدد مقامات میں برفباری کی پیش گوئی

کے الیکڑک انتظامیہ نے اس دعوے کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اس کی اپنی تحقیقات کے مطابق اس شخص کی موت کرنٹ لگنے سے نہیں ہوئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ’کے الیکٹرک کی ٹیموں نے اس واقعے کی چھان بین کی جو صدر علاقے کے فریئر مارکیٹ میں پیش آیا۔ چھان بین کے نتائج سے پتا چلتا ہے کہ موت کرنٹ لگنے سے نہیں بلکہ قدرتی وجوہات کی وجہ سے ہوئی ہے‘۔