پاکستان

سینیٹر شوکت ترین نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

شوکت فیاض ترین کو وزارت خزانہ و محصولات کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے، نوٹی فکیشن کابینہ ڈویژن

گزشتہ ہفتے خیبر پختونخوا سے سینیٹر منتخب ہونے والے شوکت ترین نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی جہاں صدر مملک ڈاکٹر عارف علوی نے شوکت ترین سے حلف لیا۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق شوکت فیاض ترین کو وزارت خزانہ و محصولات کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ وزیر خزانہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد شوکت ترین وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات کے عہدے پر فائز نہیں رہیں گے۔

یاد رہے کہ 20 دسمبر کو خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی نشست پر الیکشن ہوئے جس میں کُل 122 ووٹ کاسٹ کیے گئے ان میں سے 9 ووٹ مسترد کر دیے گئے تھے۔

مزید پڑھیں: مشیر خزانہ شوکت ترین خیبر پختونخوا سے سینیٹر منتخب

113ووٹوں میں سے 87 ووٹ لے کر شوکت ترین سینیٹر منتخب ہوئے تھے، جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار شوکت امیرزادہ اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدواروں ظاہر شاہ کو 13، 13 ووٹ حاصل کر سکے تھے۔

24 دسمبر سینیٹ اجلاس کے دوران شوکت ترین نے سینیٹر کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر ایوب آفریدی نے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد مشیر خزانہ شوکت ترین کے لیے سینیٹر بننے کی راہ ہموار ہوگئی تھی۔

مزید پڑھیں: شوکت ترین، وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ مقرر

حکومت نے مشیر خزانہ شوکت ترین کو پنجاب یا خیبر پختونخوا سے بطور سینیٹر منتخب کرانے کا ذہن بنا رکھا تھا تاکہ مارکیٹوں میں تسلسل و استحکام برقرار رہے اور وہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ پروگرام کی بحالی سے متعلق امور میں مثبت کردار ادا کرسکیں۔

18 اکتوبر کو سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو وزیر اعظم عمران خان کا مشیر خزانہ مقرر کردیا گیا تھا جبکہ انہوں نے 17 اپریل 2021 کو وفاقی وزیر خزانہ کا حلف اٹھایا تھا۔

پاک بحریہ کی بہادرانہ کارروائیوں پر بنی فلم ’ہنگور‘ ریلیز

کراچی: مختلف علاقوں میں ہلکی اور معتدل بارش سے موسم خوشگوار

ملک میں پہلی بار قومی سلامتی پالیسی کا اعلان آج ہوگا