پاکستان

سابق شوہر نے امریکی خاتون کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا، راولپنڈی پولیس

ملزم رضوان حبیب بنگش نے اپنی سابقہ اہلیہ وجیہہ فاروق سواتی کو اغوا کرکے قتل کیا اور لاش لکی مروت دفن کردی، سی پی او راولپنڈی

راولپنڈی کے پولیس سربراہ نے دعویٰ کیا ہے کہ 29 سالہ شخص نے اپنی سابقہ اہلیہ و پاکستانی نژاد امریکی شہری کو قتل کرنے اور ان کی لاش لکی مروت میں دفنانے کا اعتراف کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سٹی پولی افسر (سی پی او) راولپنڈی ساجد کیانی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ملزم رضوان حبیب بنگش نے اپنی سابقہ اہلیہ وجیہہ فاروق سواتی کو اغوا کرکے قتل کیا اور لاش لکی مروت منتقل کردی جہاں اس نے اسے پیزو علاقے میں اپنے سرونٹ ہاؤس کے کمرے میں دفن کردیا۔

ایس ایس پی (انویسٹی گیشن) سید غضنفر علی شاہ اور ایس پی (پوٹھوہار ڈویژن) رانا عبدالوہاب بھی پریس کانفرنس میں شریک تھے۔

قتل کے محرکات کے حوالے سے بتاتے ہوئے سی پی او نے کہا کہ مقتولہ نے رضوان سے کروڑوں روپے مالیت کی جائیداد واپس دینے کا مطالبہ کیا تھا جو انہوں نے طلاق سے قبل ملزم کے نام پر منتقل کی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے مبینہ قاتل کی معلومات پر لکی مروت میں ایک گھر سے لاش برآمد کرلی۔

راولپنڈی پولیس چیف نے کہا کہ لاش کو راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: پولیس نے خاتون، ان کے بچے کا مبینہ قاتل گرفتار کرلیا

ان کا کہنا تھا کہ ’چونکہ ملزم نے خاتون کو راولپنڈی میں قتل کیا اس لیے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال لایا جائے گا جس کے بعد اسے تدفین کے لیے ورثا کے حوالے کیا جائے گا‘۔

ساجد کیانی نے کہا کہ پولیس نے قتل میں سہولت فراہم کرنے پر ملزم کے والد اور ملازم کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کے تفتیش کاروں نے شواہد اکٹھے کرنے اور ملزمان سے تفتیش کے لیے مختلف شہروں کا دورہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے ہائی پروفائل قتل کیس حل کرنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی اور انسانی ذہانت کا استعمال کیا۔

سی پی او راولپنڈی نے کہا کہ کیس حل کرنے کے لیے ایس ایس پی (انویسٹی گیشن) کی نگرانی میں مجموعی طور پر چار خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی سفارتخانہ بھی ان سے رابطے میں ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس قتل کے واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرلے گی۔

امریکا نے طالبان، حقانی نیٹ ورک کے ساتھ معاملات آگے بڑھانے کا راستہ نکال لیا

پاکستان تحریک انصاف کے نئے تنظیمی ڈھانچے کا اعلان

کرکٹ پر بنی بولی وڈ فلم ’83‘ ریلیز