کراچی: محمود آباد نالے میں گیس بھر جانے کے باعث دھماکا، 3 افراد زخمی
کراچی کے علاقے محمود آباد میں نالے میں گیس بھر جانے کی وجہ سے دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔
محمود آباد تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) کا کہنا تھا کہ دھماکا پارسی گیٹ پر واقع نالے میں گیس بھر جانے کے باعث ہوا جس کے نتیجے میں نالے پر قائم موٹر سائیکل میکینک کی دکان کی تباہ ہوگئی۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) شرقی قمر رضا نے کہا کہ واقعے میں 3 افراد معمولی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی: شیرشاہ دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی، پولیس تحقیقات کا آغاز
ایدھی فاؤنڈیشن سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 17 سالہ بلال، 20 سالہ دلاور اور 11 سالہ جان زخمی ہوئے۔
یاد رہے اس سے قبل 19 دسمبر کو کراچی کے علاقے شیر شاہ میں نالے پر قائم نجی بینک میں گیس لیکیج کی وجہ سے دھماکا ہوا تھا جس میں رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کے والد سمیت 17 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ایس ایچ او ظفر علی شاہ کا کہنا تھا کہ دھماکا نالے کے اوپر تعمیر شدہ ایک نجی بینک میں ہوا اور بینک کو مذکورہ جگہ خالی کرنے کا نوٹس دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کے علاقے شیرشاہ میں دھماکا، 15 افراد جاں بحق
ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ عمارت کے پلرز اکھڑ گئے اور بینک کی عمارت تقریباً مکمل تباہ ہوگئی۔
زوردار دھماکے سے قریبی واقع پیٹرول پمپ کے علاوہ متعدد گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
بینظیر بھٹو ٹراما سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر صابر میمن نے بتایا کہ ڈاکٹر روتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی نے دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد کے جاں بحق اور 16 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔
واقعے کا مقدمہ سائٹ بی پولیس اسٹیشن میں ’نالے پر تعمیرات کرنے والے شخص کے خلاف‘ درج کیا گیا تھا۔