پاکستان

صدر مملکت کا تاپی گیس پائپ لائن کی جلد تکمیل پر زور

پاکستان اس منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے پرعزم ہے، اس طرح ملک میں توانائی کے بحران کو ختم کیا جاسکے گا، ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ترکمانستان-افغانستان-پاکستان-بھارت (تاپی) گیس پائپ لائن کی جلد تکمیل پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس طرح ملک میں توانائی کے بحران کو ختم کیا جاسکے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز صدر مملکت نے ترکمانستان کے وزیر خارجہ میریدوف راشد سے ایوان صدر میں ملاقات کی جس میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اس منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے پر زم ہے‘۔

ملاقات کے دوران تاپی پائپ لائن گیس منصوبے کی بروقت تکمیل کے عمل میں تیزی کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کے تحت کمیٹی قائم کرنے کی تجویز دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان، ترکمانستان نے تاپی گیس پائپ لائن کے معاہدے پر دستخط کر دیے

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان، ترکمانستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان اقوام متحدہ، معاشی تعاون تنظیم، شنگھائی تعاون تنظیم سمیت اہم علاقائی اور بین الاقوامی فورم پر یکساں مؤقف کے علاوہ شاندار تعلقات ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علاقائی روابط اور معاشی انضمام کی اہمیت کو اجاگر کیا، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو علاقائی روابط کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں۔

1800 کلومیٹر طویل تاپی گیس پائپ لائن ترکمانستان کے علاقے گیلکنش میں دنیا کے گیس کے دوسرے بڑے ذخائر سے ہر سال 33 ارب کیوبک میٹر گیس بھارتی شہر فاضلکہ تک پہنچائے گی، یہ پائپ لائن افغانستان میں ہرات اور قندھار جبکہ پاکستان میں کوئٹہ اور ملتان سے گزرے گی۔

اس منصوبے کے دو مراحل ہیں، جن میں سے فری فلو مرحلے پر 5 سے 6 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی جبکہ کمپریسر اسٹیشنز کی تنصیب پر کم از کم ایک ارب 90 کروڑ ڈالر کی لاگت آئے گی۔

مزید پڑھیں: تاپی کی راہ میں نئی رکاوٹ، پاکستان گیس کی قیمتوں میں کمی کا خواہاں

ترکمانستان کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انہیں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔

صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ اسلامی تعاون تنظیم کے اس اجلاس سے افغانستان میں بڑھتے ہوئے بحران سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون حاصل کرنے میں کامیابی ہوگی۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں صورتحال کی سنگینی کا ادراک کرے اور اس مشکل گھڑی میں افغانستان کی مدد کرے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ افغانستان میں بدترین معاشی اور انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے منجمد کی گئی رقم کو مزید منجمد نہ رکھا جائے۔

صدر مملکت نے اپنے حالیہ دورہ ترکمانستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ترکمانستان کے صدر کے ساتھ بامعنی ملاقات کی اور فریقین نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ بروقت مکمل کرنے پر زور دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’تاپی گیس پائپ لائن منصوبے سے 10 ہزار ملازمتیں پیدا ہوں گی‘

اس موقع پر ترکمانستان کے وزیر خارجہ نے ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ صدر ڈاکٹر عارف علوی کا ترکمانستان کا دورہ ان کے لیے بڑی حمایت تھی جس سے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

معروف ماہرِ امراض خون ڈاکٹر طاہر شمسی کراچی میں سپرد خاک

این سی او سی نے 30 سال سے زائد عمر افراد کو بوسٹر شاٹ لگوانے کی اجازت دے دی

صدر مملکت کا تاپی گیس پائپ لائن کی جلد تکمیل پر زور