پاکستان ہاکی ٹیم ایشین چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی
پاکستان ہاکی ٹیم نے بنگلہ دیشی ٹیم کو 2-6 سے شکست دے کر ایشین چیمپئنز ٹرافی میں تیسری پوزیشن پر قبضہ جما لیا جبکہ جنوب کوریا کے ساتھ سیمی فائنل میں بھی جگہ پکی کرلی ہے۔
پاکستان کو ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کے لیے مخالف ٹیم کو 2 گول سے ہرانا تھا، یوں بھارت سے 0-6 سے شکست کھانے والا جاپان اپنی تیسری پوزیشن گنوا بیٹھتا۔
اعجاز احمد اور احمد ندیم کے 2، 2 اور افراز اور محمد رزاق کے ایک، ایک گول کے نتیجے میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 4 گولز سے شکست دی اور ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے دونوں گول ارشد حسین نے کیے۔
پاکستان کو گولز کے فرق سے جاپان پر برتری حاصل ہوئی کیونکہ دونوں ٹیموں کے 5 پوائنٹس تھے۔
مقابلے میں جنوبی کوریا 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور بھارت 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔
پاکستان کے ساتھ میچ سے قبل بنگلہ دیش کو اپنے تینوں میچوں میں شکست کا سامنا ہوا تھا اور بنگلہ دیشی ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی کے لیے کوئی اپ سیٹ ضروری تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی: بھارت نے پاکستان کو 1-3 سے شکست دے دی
میچ کے 13ویں منٹ میں بنگلہ دیش کے ارشد حسین نے ایک گول کرکے بنگلہ دیش کو برتری دلوائی تاہم پاکستان کے احمد ندیم نے اگلے ہی منٹ میں میچ برابر کردیا۔
اس گول کے بعد اگلے 20 منٹ میں ہی پاکستان نے مزید 4 گول کردیے۔
اعجاز احمد نے میچ کے 18ویں منٹ میں گول کیا جبکہ 24ویں منٹ میں افراز نے گول کیا، 2 منٹ بعد احمد ندیم نے دوسرا گول کیا جبکہ 34ویں منٹ میں محمد رزاق نے گول گیا۔
ارشد حسین نے 34ویں منٹ میں ہی بنگلہ دیش کے لیے دوسرا گول کیا تاہم 4 منٹ بعد اعجاز احمد نے پاکستان کے لیے ایک اور گول کردیا۔
اس سے قبل ہرمن پریت سنگھ نے جاپان کے خلاف میچ کے 10ویں منٹ میں پینلٹی کارنر کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گول کیا اور 23ویں منٹ میں دل پریت سنگھ نے دوسرا گول کرکے بھارت کو 0-2 کی برتری دلوائی۔
میچ کے 34ویں منٹ میں ہرمن پریت سنگھ نے تیسرا گول کیا، اس کے بعد اگلے 7 منٹوں میں ہرمن پریت اور شمشیر سنگھ نے بھارت کو فتح سے ہمکنار کروا دیا۔
جاپان نے منگل کے روز سیمی فائنل میں ایک بار پھر بھارت کا سامنا کرنا ہے اور اگر اسے بھارت کو شکست دینی ہے تو اپنے کھیل پر توجہ دینی ہوگی۔
منگل کے ہی روز پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان بھی سیمی فائنل کھیلا جائے گا اور امید کی جارہی ہے کہ اس میچ میں کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
یہ دونوں ٹیمیں ہفتے کے روز بھی ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئی تھیں، تاہم یہ مقابلہ 3-3 سے برابر رہا تھا۔
یہ خبر 20 دسمبر 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔