پاکستان

فواد چوہدری نے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا، عطا تارڑ

فوادچوہدری نے پیپلز پارٹی میں بیٹھ کر عمران خان کو گالیاں دی اور آج ہمیں کرپشن کے طعنے دے رہے ہیں، رہنما مسلم لیگ (ن)

مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے (ن) لیگ میں شمولیت کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا جس کا غصہ وہ اب ہم پر الزام لگا کر نکال رہے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطا تارڑ نے کہا کہ جب نیب نے سپریم کورٹ میں آشیانہ اور رمضان شوگر کیسز میں شہباز شریف کی ضمانت منسوخ کروانے کے خلاف اپیل کی تھی تو سابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پوچھا کہ آپ بتائیں اس میں بدعنوانی کہا کی گئی ہے، نیب پراسیکیوٹر و پی ٹی آئی کے رہنما نعیم بخاری اس وقت کرپشن ثابت کرنے میں ناکام ہوگئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ شواہد کی عدم فراہمی پر نیب نے خود اپیلیں واپس لیں اور عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس میں شہباز شریف کا کردار ایک اچھے بچے کی طرح تھا۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا اللہ تارڑ کی 'گرفتاری کے بعد رہائی'

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت نے لیگی رہنماؤں پر اثاثہ جات کے کیسز بنائے، یہ کیس آپ پر بننے چاہیے کیونکہ آپ نے ہر چیز کی قیمت بڑھا دی ہے، جب آپ پر کوئی کیس بنتا ہے تو آپ حکم التوا کے پیچھے چھپ جاتے ہیں۔

انہوں نے وزیر اعظم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کے بس کی بات نہیں کہ عدالتوں کا سامنا کر سکیں، آپ کے لیے ایک غیر ملکی فنڈنگ کا مقدمہ ہی کافی ہے، آپ نے ساری عمر چندے اور خیرات کے نام پر کرپشن کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں کبھی حکم امتناع لیا تو کبھی الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا، آپ کو عادت پڑگئی ہے کہ آپ اپنے من پسند انکوائری کمیشن بنائیں لیکن یہ اب نہیں چلے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے تین سال ملک و قوم کا وقت اور پیسہ برباد کیا ہے اور آج آپ کے اپنے لوگ کہہ رہے ہیں کہ ملک دیوالیہ ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خانیوال الیکشن میں لوگوں کی آنکھوں میں خون اترا دیکھا ہے، لوگ کہتے ہیں کہ نواز شریف کا پرانا پاکستان واپس لاؤ، آپ نے مہنگائی کی حد کردی ہے اور ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھوا دیا ہے۔

انہوں نے فواد چوہدری کے حوالے سے کہا کہ وہ کسی کے نہیں ہیں وہ ہر چوکھٹ پر جاتے ہیں، یہ 2018 کے انتخابات سے قبل بھی مسلم لیگ (ن) کے پاس آچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: منی لانڈرنگ، شوگر اسکینڈل: شہباز شریف کا جواب 'غیر تسلی بخش' قرار

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کو غصہ اس بات کا ہے کہ انہوں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ چیلنج کردیں کیا انہوں نے ماڈل ٹاؤن میں شہباز شریف کی منتیں نہیں کی کہ مجھے مسلم لیگ (ن) میں شامل کر لیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو گندی اور غلیظ گالیاں دینے والے اس شخص کے بارے میں حامد خان نے کہا تھا کہ جب ان کے چچا چیف جسٹس تھے تو فواد چوہدری دونوں پارٹیوں سے پیسہ لیا کرتے تھے، وہ رشوت کے پیسے پر پلے ہیں، ان کا غم و غصہ ہم سمجھ سکتے ہیں۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری نے پیپلز پارٹی میں بیٹھ کر عمران خان کو گالیاں دی اور آج ہمیں کرپشن کے طعنے دے رہے ہیں، آپ سیاسی خانہ بدوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت میں آپ جیسے لٹیروں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

’گھبرانا نہیں ہے‘ کو عیدالفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان

کراچی کے علاقے کورنگی میں راہگیر کی ہلاکت پر 3 پولیس اہلکار گرفتار

فلپائن: طاقتور طوفان ’رائے‘ سے ہلاکتیں 208 ہوگئیں