کھیل

کیوی ٹیم 23-2022 میں دو مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی، پی سی بی

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کا پہلا دورہ آئندہ سال دسمبر اور دوسرا دورہ سال 2023 میں کرے گی، پاکستان کرکٹ بورڈ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم 23-2022 دو بار پاکستان کا دورہ کرے گی۔

یہ دو دورے رواں سال ستمبر میں میچ کے آغاز سے چند گھنٹے قبل سیریز ترک ہونے کے سبب شیڈول کیے گئے ہیں۔

پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا کہ کیویز کا پہلا دورہ دسمبر 2022 سے جنوری 2023 تک ہوگا، جس کے بعد نیوزی لینڈ ٹیم ایک بار پھر اپریل 2023 میں پاکستان کے دورے میں 10 وائٹ بال میچز کھیلے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق نیوزی لینڈ کے پہلے دورے میں 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچز شامل ہوں گے جو بالترتیب آئی آئی سی چیمپئن شپ اور مینز کرکٹ ورلڈ کپ کا حصہ ہوں گے۔

دوسرے دورے میں مہمان ٹیم 5 ایک روزہ اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

مزید پڑھیں: 'سیکیورٹی خدشات': نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان منسوخ کردیا

پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا کہ نیوزی لینڈ دورے کے انتظامات کو چیئرمین پی سی بی رمیز راجا اور نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی) چیئرمین مارٹن سینیڈن کی ملاقات کے بعد حتمی شکل دی گئی ہے۔

پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا کہ دونوں بورڈز، سیریز کی تاریخ کو حتمی شکل دینے کے لیے مل کر کام کریں گے، جس کے بعد تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔

اس پیشرفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے رمیز راجا کا کہنا تھا کہ مارٹن اور ان کے بورڈ کے ساتھ مذاکرات اور تبادلہ خیال پر ان کا مشکور ہوں کہ انہوں نے ہمیں ’سمجھا اور ہم سے تعاون‘ کیا۔

رمیز راجا نے کہا کہ ’یہ پیش رفت دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی عکاسی کرتی ہے اور اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ پاکستان، کرکٹ برادری کا اہم رکن ہے‘۔

مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کس دنیا میں رہتا ہے، آئی سی سی میں بات ہوگی، چیئرمین پی سی بی

دریں اثنا نیوزی لینڈ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ کا کہنا تھا کہ دبئی میں ہونے والی گفتگو نتیجہ خیز تھی جس کے بعد دونوں ممالک کے بورڈز کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

اس اعلان کے مطابق پاکستان مارچ 2022 سے اپریل 2023 تک آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف 8 ٹیسٹ، 11 ون ڈے اور 13 ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی کرے گا۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم رواں سال 11 ستمبر کو 18 سال بعد دورہ پاکستان پر آئی تھی، اس دوران اسے 3 ایک روزہ اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلنی تھی۔

تاہم 17 ستمبر کو دورے کا پہلا میچ شروع ہونے سے چند منٹ قبل سیکیورٹی خدشات کے باعث نیوزی لینڈ ٹیم نے واپس وطن لوٹ گئی تھی جس کے بعد انگلینڈ نے بھی پاکستان کا دورہ منسوخ کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان پر دونوں کرکٹ بورڈز میں مذاکرات کی تصدیق

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے ’خطرے کا اشارہ‘ ملنے کے بعد ان کے پاس دورہ ترک کرنے کے علاوہ کوئی اختیار نہیں تھا۔

پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے ’سیکیورٹی کے فل پروف‘ انتظامات کیے گیے تھے اور نیوزی لینڈ کو بھی اس کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔

اکتوبر میں چیئرمین پی سی بی نے کہا تھا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان پر کام کر رہا ہے۔

وزیر اعظم اپنی کرپشن چھپانے کیلئے ملک کو بدنام کر رہے ہیں، مریم اورنگزیب

رانا شمیم نے سربمہر بیانِ حلفی عدالت میں جمع کرا دیا، وکیل

ولیمے سے مشک کلیم کی شادی کی تقریبات کا اختتام