پاکستان

خیبرپختونخوا: انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر تین اراکین اسمبلی کو جرمانہ

تینوں اراکین اسمبلی کے وکلا نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ان کے مؤکلوں نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے، ڈی ایم او

ڈیرہ اسمٰعیل خان: ٹانک کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور سمیت 2 اراکین قومی اور ایک رکن صوبائی اسمبلی کو بلدیاتی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کردیے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں ایک نوٹیفکیشن کے حوالے سے بتایا گیا کہ ڈی ایم او ٹانک محمد بلال نے وفاقی وزیر پر 40 ہزار روپے، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رکن قومی اسمبلی مولانا اسد محمود پر 20 ہزار روپے اور اسی جماعت کے رکن صوبائی اسمبلی محمود احمد بٹانی پر 10 ہزار روہے کا جرمانہ کیا۔

ڈی ایم او نے کہا کہ اراکین اسمبلی کے وکلا ان کے سامنے پیش ہوئے تھے اور اس بات کا اعتراف کیا کہ ان کے مؤکلوں نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔

یہ بھی پڑھیں:اسد قیصر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے کلیئر قرار

ڈی ایم او ٹانک نے کہا کہ اگر اراکین اسمبلی دوبارہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے تو ان کے کیسز ضروری کارروائی کے لیے الیکشن کمیشن بھجوائے جاسکتے ہیں۔

یہاں یہ بات مدِ نظر رہے کہ وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور پر ڈیرہ اسمٰعیل خان کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ کیا تھا۔

دریں اثنا ڈی ایم او چارسدہ شبر عباس بخاری نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی سلطان محمد خان کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر انتباہ جاری کیا۔

مزید پڑھیں: کے پی بلدیاتی انتخابات: پی ٹی آئی وزرا، چیئرمین پی پی پی سمیت دیگر پر جرمانہ

قومی وطن پارٹی کے قیصر جمال نے ڈی ایم او کے سامنے شکایت جمع کرائی تھی کہ پی ٹی آئی رکن اسمبلی نے اپنے پارٹی امیدوار کے لیے مہم چلائی اور ترقیاتی اسکیموں کا اعلان کیا۔

جس پر رکن اسمبلی کے وکیل مرجان علی خان ڈی ایم او کے سامنے پیش ہوئے اور ایک بیان جمع کروایا جس میں کہا گیا تھا کہ ’جواب دہندہ کا اقدام غیر ارادی اور کسی الجھن کے سبب تھا جان بوجھ کر ایسا نہیں کیا جس پر انہیں افسوس بھی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ان کے مؤکل نے اپنے آپ کو کسی بھی علاقے کا دورہ کرنے یا بلدیاتی انتخاب سے متعلق کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ لینے سے روک لیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین نئے ججز نے حلف اٹھا لیا

پاکستانی شائقین فلم ’83‘ دیکھ کر بہت خوش ہوں گے، رنویر سنگھ

’زندگی تماشا‘ کو مارچ 2022 میں ریلیز کرنے کا اعلان