پاکستان

پاکستان کے خلاف بھارتی وزیر دفاع کے اشتعال انگیز بیان کی مذمت

بی جے پی۔آر ایس ایس گٹھ جوڑ قوم پرستی، انتہا پسند ہندوتوا ایجنڈے کے ذریعےریاستی انتخابات جیتنے کے لیے بے تاب ہے، ترجمان دفترخارجہ
|

پاکستان نے بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے غیر ضروری، بلاجواز اور اشتعال انگیز تبصروں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کے خلاف دہشت گردی اور بے بنیاد دھمکیوں کے تناظر میں بلاجواز الزامات عائد کیے ہیں۔

بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایک روز قبل دعویٰ کیا تھا کہ 1971 کی جنگ اس بات کی یاد دہانی تھی کہ مذہبی بنیاد پر ہندوستان کی تقسیم ایک تاریخی غلطی تھی اور پاکستان اس وقت سے بھارت کے خلاف مسلسل پراکسی وار میں مصروف ہے۔

یہ بھی پڑھیں: `[بھارتی وزیر داخلہ کا پاکستان کے خلاف سرجیکل اسٹرائیکس کا بیان اشتعال انگیز ہے، دفتر خارجہ][1]`

انڈین ایکسپریس نے ایک روز قبل اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ راج ناتھ سنگھ نےکہا کہ ‘پاکستان دہشت گردی اور بھارت مخالف سرگرمیوں کے فروغ کے ذریعے بھارت کو توڑنا چاہتا ہے’۔

انہوں نے کہا تھا کہ ‘بھارتی فورسز نے 1971 میں ان منصوبوں کو ناکام بنایا اور اب ہمارے بہادر فورسز دہشت گردی کی بنیادی ختم کرنے پر کام کر رہی ہیں، ہم براہ راست جنگ جیت چکے ہیں اور پراکسی وار میں بھی کامیابی حاصل کریں گے’۔

پاکستان نے اس کا جواب دیا اور دفترخارجہ کےترجمان عاصم افتخار احمد نے بیان میں کہا کہ پاکستان راج ناتھ سنگھ کے غیرضروری، بلاجواز اور اشتعال انگیز بیان کی مذمت کرتا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع نے پاکستان کے خلاف دہشت گردی اور بے بنیاد دھمکیوں کے تناظر میں بلاجواز الزامات عائد کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ‘تاریخ کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا، پرفریب سوچ کو اپنانا اور جھوٹی بہادری سے خود کو مطمئن کرنا یہ بھارتیا جنتا پارٹی (بی جے پی ) کی کی خاصیت ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ بیانیہ جب بھی ہندوستان کی اہم ریاستوں میں انتخابات قریب ہوں تو اپنالیا جاتا ہے’۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کی روایتی ہرزہ سرائی کو مسترد کردیا

عاصم افتخار احمد نے کہا کہ ‘بھارتی وزیر دفاع کے اشتعال انگیز بیان کا وقت حیرت کی بات نہیں جیساکہ بی جے پی۔آر ایس ایس گٹھ جوڑ قوم پرستی، انتہا پسند ہندوتوا ایجنڈے کو روایتی انداز میں بڑھاتے ہوئے اتر پردیش اور دیگر ریاستوں میں انتخابات جیتنے کے لیے بے تاب ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘بھارتی وزیر دفاع کی سینہ زوری اور جنگی جنون کچھ نہیں لیکن پاکستان کے حوالے سے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے اور مسلسل جارحیت کا واضح ثبوت ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘دہشت گردی کے مسئلے کے بارے میں عالمی برادری اس بات سے بخوبی واقف ہے کہ بھارت کی ہندوتوا سے متاثرحکومت کس طرح مقبوضہ جموں اور کشمیر میں کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کر رہی ہے’۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ اس سلسلے میں گزشتہ سال نومبر میں پاکستان نے بھاتی حکومت کی پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی، مدد کرنے، اکسانے کے مالی معاونت کرنے کے ناقابل تردید ثبوت کے ساتھ ایک جامع ڈوزیئر بھی پیش کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے ہمسایہ ممالک پر عائد الزامات مسترد کردیے

انہوں نے کہا کہ ‘دنیا آگاہ ہے کہ بھارت کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کی پاکستان پوری صلاحیت رکھتا ہے اور ماضی قریب سمیت اس سلسلےمیں اپنے عزم اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے’۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ‘بی جے پی کی قیادت کو باور کروایا جاتا ہے کہ وہ کسی بھی جھوٹی مہم جوئی سے باز رہیں اور انتخابی فائدے کے لیے پاکستان کو بھارت کی مقامی سیاست میں نہ گھسیٹیں’۔

پہلا ٹی20: محمد وسیم کی شان دار باؤلنگ، پاکستان 63 رنز سے کامیاب

پنجاب کے سارے خاندانوں کو مارچ تک صحت کارڈ ملے گا، وزیراعظم

حکومت کا سینیٹ انتخابات میں مبینہ ہارس ٹریڈنگ کی روک تھام کیلئے قانون سازی کا فیصلہ