کھیل

انگلش بیٹنگ لائن پھر ناکام، پہلے ایشز ٹیسٹ میں آسٹریلیا 9وکٹوں سے کامیاب

انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 297رنز بنا سکی، 152 رنز کی اننگز کھیلنے والے ٹریوس ہیڈ کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹریوس ہیڈ اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

برسبین میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن انگلینڈ نے 220 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو انہیں خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 57رنز درکار تھے۔

آسٹریلیا کو چوتھے دن وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور 223 کے مجموعے پر لائن نے 82 رنز بنانے والے ڈیوڈ ملان کی اننگز کا خاتمہ کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں 400ویں وکٹ حاصل کر لی۔

ابھی انگلش ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ کپتان جو روٹ بھی 89 رنز بنانے کے بعد کیمرون گرین کا شکار بن گئے جبکہ اولی پوپ چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو انگلینڈ کی ٹیم 234رنز پر پانچ وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔

اس مرحلے پر بین اسٹوکس اور جوز بٹلر وکٹ پر یکجا ہوئے اور دونوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے 32 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی، کپتان پیٹ کمنز نے 14 رنز بنانے والے اسٹوکس کو چلتا کر کےاپنی ٹیم کو چھٹی کامیابی دلا دی۔

بٹلر سے بھی ساتھی کھلاڑی کی جدائی برداشت نہ ہوئی اور وہ بھی 23 رنز بنانے کے بعد جوش ہیزل وُڈ کو وکٹ دے کر چلتے بنے۔

اس کے بعد آسٹریلیا کو انگلینڈ کی بساط لپیٹنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور کھانے کے وقفے سے قبل ہی پوری ٹیم 297 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

انگلینڈ نے میچ کے چوتھے دن اپنی آخری 8 وکٹیں 77 رنز کے اضافے سے گنوائیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں نیتھن لائن چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ کیمرون گرین اور پیٹ کمنز نے دو، دو وکٹیں لیں۔

انگلینڈ نے آسٹریلیاکو میچ میں فتح کے لیے 20رنز کا ہدف دیا جو اس نے ایلکس کیری کی وکٹ گنوا کر حاصل کر لیا۔

پہلی اننگز میں عمدہ بیٹنگ کرنے پر ٹریوس ہیڈ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور آسٹریلین کپتان کمنز کی پانچ وکٹوں کی شاندار کارکردگی کے سبب پوری ٹیم پہلی اننگز میں 147رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

جواب میں ہیڈ کے 152 رنز کے ساتھ ساتھ ڈیوڈ وارنر اور مارنس لبوشین کی نصف سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے 425رنز بنا کر پہلی اننگز میں 277رنز کی برتری حاصل کی تھی۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے پانچ میچوں کی ایشز سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

کے ٹو سر کرنے کی پہلی مہم کی داستان

سال 2021 میں مداحوں سے بچھڑنے والی شوبز شخصیات

متنازع قوانین منسوخ، بھارتی کسان سال بھر کے احتجاج کے بعد اپنے گھروں کو روانہ