دنیا کی دوسری بلند ترین عمارت بھی مسلم ملک میں تعمیر
دنیا کی بلند ترین عمارت کونسی ہے اور کہاں ہے؟ یہ پوچھا جائے تو اکثر افراد جواب دیں گے کہ وہ برج الخلیفہ ہے اور دبئی میں واقع ہے، مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ دوسری بلند ترین عمارت کہاں ہے؟
تو جان لیں کہ اب دنیا کی دوسری بلند ترین عمارت بھی ایک اور مسلم ملک میں تعمیر ہورہی ہے اور وہ ہے ملائیشیا۔
ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں 118 منزلہ عمارت شہر کے مختلف حصوں سے صاف نظر آجاتی ہے جس کی بلندی 2227 فٹ ہے۔
اگر آپ کو علم نہ ہو تو جان لیں کہ برج خلیفہ کی بلندی 2717 فٹ پے اور اس وقت دوسری بلند ترین عمارت شنگھائی ٹاور کی بلندی 2073 ہے۔
30 نومبر کو اس کی تکمیل کے اختتام مرحلے کی تقریب میں ملائیشین وزیراعظم اسماعیل صابری یعقوب نے اس منصوبے کو مسلتقبل کا آئیکونک ٹاور قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف انجنیئرنگ کی بے مثال کامیابی ہے بلکہ اس سے ملائیشیا کی جدید اور ترقی پذیر ملک کی حیثیت مزید مضبوط ہوگی۔
یہ عمارت 31 لاکھ اسکوائر فٹ رقبے پر پھیلی ہوئی ہے جس میں سے 50 فیصد سے زیادہ حصہ دفاتر کے لیے مختص ہوگا۔
اس کے علاوہ ٹاور میں ایک شاپنگ مال، ایک مسجد، پارک حیات ہوٹل اور جنوب مشرقی ایشیا کا بلند ترین آبزرویشن ڈیک بھی ہوگا۔
4 ایکڑ کے وسیع رقبے میں عوامی مقامات اور ایک پارک بھی گراؤنڈ لیول پر ہوگا۔
اس منصوبے کے پیچھے آسٹریلین ماہر تعمیرات فینڈر کیٹسالڈز تھے اور ان کا کہنا ہے کہ اس عمارت کا تکونی انداز ملائیشین ثقافت کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ڈیزائن اس ملک کے لوگوں کی بھرپور ثقافت کی عکاسی کرتا ہے۔
اس عمارت کو تعمیر کرنے والی کمپنی کے مطابق دنیا کی دوسری بلند ترین عمارت کے اعزاز کا حصول ایک اضافہ بونس ہے۔
اس عمارت کی تعمیر کا اعلان 2010 میں ہوا تھا جبکہ اس کی بنیاد 5 سال قبل رکھی گئی۔
ویسے یہ عمارت 2021 میں ہی عوام کے لیے کھولی جانی تھی مگر مارچ 2020 میں کووڈ پابندیوں کے باعث اس کا تعمیراتی کام عارضی طور پر رک گیا تھا۔