کھیل

میسی ساتویں مرتبہ ’بیلن ڈی اور‘ ایوارڈ جیتنے میں کامیاب

میسی کا اس ایوارڈ کے لیے روبرٹ لیون ڈاؤسکی اور جورگنہو سے مقابلہ تھا، چیلسی کو سال کا سب سے بہترین کلب قرار دیا گیا۔

ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ریکارڈ ساتویں سال کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ ’بیلن ڈی اور‘ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

اس سے قبل 2009، 2010، 2011، 2012، 2015 اور 2019 میں بیلن ڈی اور جیتنے والے فٹبالر کا اس سال ایوارڈ جیتنے کے لیے روبرٹ لیون ڈاؤسکی اور جورگنہو سے سخت مقابلہ تھا جبکہ کرسٹیانو رونالڈو سابقہ ایوارڈز مقابلوں کے برخلاف اس مرتبہ فہرست کا حصہ نہیں تھے۔

تاہم گزشتہ سال پہلی مرتبہ اپنے ملک ارجنٹائن کے لیے کوپا امریکا کا ٹائٹل جیتنے والے میسی اپنے دونوں حریفوں کو مات دیتے ہوئے ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہے۔

میسی کو ان کے بارسلونا کے سابق ساتھی اور یوراگوئے کے مایہ ناز فٹبالر لوئس سواریز نے بیلن ڈی اور کی ٹرافی دی۔

پیرس کے تھیٹر ڈو چیٹیلیٹ میں ایوارڈ جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے میسی نے کہا کہ یہاں دوبارہ آ کر ایوارڈ جیتنا انتہائی خوشگوار ہے، دو سال قبل مجھے لگا تھا کہ یہ میں نے آخری بار ایوارڈ جیتا ہے لیکن اس سال دوبارہ یہ اعزاز حاصل کر کے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوپا امریکا ٹائٹل جیتنے کی وجہ سے یہ میرے لیے خاص سال ہے، مراکانہ اسٹیڈیم میں جیتنا بہت خاص ہے اور ارجنٹائن کے عوام کے ساتھ جشن منانے پر بہت خوش تھا۔

انہوں نے کہا کہ میرا ایک طویل کیریئر ہے اور مجھے نہیں معلوم کہ یہ میرا بہترین سال تھا یا نہیں لیکن بے انتہا تنقید اور مشکل وقت کے بعد ارجنٹائن کے لیے ٹائٹل جیتنے کی وجہ سے یہ میرے لیے خاص سال ہے۔

واضح رہے کہ میسی کو یہ ایوارڈ ایک ایسے موقع پر دیا گیا ہے جب وہ اپنے سابقہ کلب بارسلونا سے کئی سالہ وابستگی ختم کرنے کے بعد رواں سال ہی فرانس کے کلب پیرس سینٹ جرمین کا حصہ بنے ہیں۔

اس سے قبل میسی نے گزشتہ چھ مرتبہ بیلن ڈی اور بارسلونا میں رہتے ہوئے جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار نے گزشتہ سیزن میں لالیگا میں سب سے زیادہ گول اسکور کیے تھے اور اس طرح مجموعی طور پر اس ایوارڈ کے لیے 613 پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

اس ایوارڈ کے لیے ان کا سب سے بڑا مقابلہ روبرٹ لیون ڈاؤسکی سے تھا جو 580 پوائنٹس کے سبب ایوارڈ تو نہ جیت سکے لیکن انہیں سال کا بہترین اسٹرائیکر قرار دیا گیا۔

چیلسی کے لیے چیمپیئنز لیگ اور اٹلی کے لیے یورپیئن شپ جیتنے والے گول کیپر جورگنہو کو بھی ایوارڈ کے لیے مضبوط امیدوار تصور کیا جارہا تھا لیکن وہ 460 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

بیلن ڈی اور کی دوڑ میں فرانس کے کریم بینزیما اور نگولو کانٹے بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے۔

چیلسی کو سال کا سب سے بہترین کلب قرار دیا گیا جبکہ ان کے گول کیپر ایڈورڈ مینڈی سال کے دوسرے بہترین گول کیپر قرار پائے کیونکہ بہترین گول کیپر کی ’یاشین ٹرافی‘ اٹلی کے گیان لوگی ڈونوروما کے نام رہی۔

خواتین کا بیلن ڈی اور اسپین کی مڈفیلڈر الیگزیا پیوٹیلس کے نام رہا جنہوں نے اپنی عمدہ کارکردگی سے بارسلونا کو چیمپیئنز لیگ کا ٹائٹل جتوایا۔

یہ رات بارسلونا کے لیے اس لحاظ سے بھی یادگار رہی کہ ان کے 19سالہ فٹبالر پیڈری کو سال کے بہترین انڈر21 کھلاڑی کے ایوارڈ ’کوپا ٹرافی‘ سے نوازا گیا۔

کراچی کنگز نے بابر اعظم کو کپتان مقرر کردیا

دفاعی زمین تجارتی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کی جاسکتی، زمین حکومت کو واپس کریں، چیف جسٹس

شہزادہ چارلس نے پوتوں کی رنگت سے متعلق الزامات مسترد کردیے