لائف اسٹائل

عروج آفتاب کی ’گریمی ایوارڈز‘ نامزدگیوں پر شوبز شخصیات خوش

پاکستانی نژاد امریکی گلوکارہ عروج آفتاب کو موسیقی کے اعلیٰ ترین ایوارڈز میں دو نامزدگیاں ملی ہیں۔

موسیقی کے لیے دیے جانے والے دنیا کے اعلیٰ ترین ’گریمی ایوارڈز‘ کے لیے پہلی بار 36 سالہ پاکستانی نژاد امریکی گلوکارہ عروج آفتاب کو دو کیٹیگریز میں نامزد کیے جانے پر پاکستانی شوبز و سماجی شخصیات نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔

عروج آفتاب کو 64 ویں سالانہ ایوارڈز کے لیے دو ’بیسٹ گلوبل میوزک پرفارمنس‘ اور ’بیسٹ نیو آرٹسٹ‘ کیٹیگریز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

’گریمی ایوارڈز‘ میوزک کے لیے سب سے معتبر ایوارڈ کا درجہ رکھتا ہے، جس کی تقریب ہر سال کے آغاز میں ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی بار پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب ’گریمی ایوارڈز‘ کے لیے نامزد

سال 2022 میں ’گریمی‘ کی 64 ویں سالانہ تقریب ہوگی، جس کے لیے نامزدگیوں کا اعلان 23 نومبر کو کیا گیا۔

رواں سال ایوارڈز کے لیے 86 کیٹیگریز میں نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا، جس میں پہلی بار کسی پاکستانی گلوکارہ کو نامزد کیا گیا اور ان کا مقابلہ عالمی سطح کے گلوکاروں سے ہوگا۔

عروج آفتاب کی نامزدگیوں پر متعدد شوبز،، سیاسی و سماجی شخصیات نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی جب کہ خود بھی گلوکارہ نے نامزدگیوں پر حیرانگی و خوشی کا اظہار کیا۔

عروج آفتاب نے نامزد ہونے کے بعد انسٹاگرام پوسٹ میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے موسیقی کو ترتیب دینے میں ساتھ دینے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا اور موسیقی سے جذباتی لگائو پر بھی بات کی۔

انہوں نے اپنی مختصر ٹوئٹ میں نامزدگیوں پر حیرانگی کے ساتھ خوشی کا اظہار بھی کیا۔

گلوکار و اداکار علی ظفر نے عروج آفتاب کی گریمی نامزدگیوں کو پورے ملک کے لیے باعث فخر قرار دیتے ہوئے انہیں ذہین گلوکارہ لکھا۔

گلوکار و موسیقار روحیل حیات نے بھی پاکستانی گلوکارہ کی نامزدگیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔

گلوکارہ حدیقہ کیانی نے عروج آفتاب کے گانے کی ویڈیو کو ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کی نامزدگیوں کو پوری قوم کے لیے باعث فخر قرار دیا اور لکھا کہ انہوں نے تاریخ رقم کردی۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی عروج آفتاب کی نامزدگیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کے ایوارڈ جیتنے کی دعائیں بھی کیں۔

فواد چوہدری نے مزید لکھا کہ نامزد ہونا ہی بہت بڑی کامیابی ہے، پورا پاکستان عروج آفتاب کی نامزدگیوں پر خوش ہے۔

گلوکار و میزبان فخر عالم نے بھی عروج آفتاب کی نامزدگیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اداکار عثمان خالد بٹ نے بھی گلوکارہ کی نامزدگیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔

حریم شاہ کو ہائی پروفائل شخصیات اور مقامات تک کون رسائی دلواتا ہے؟

صنم سعید مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کیساتھ بولی وڈ ڈیبیو کرنے کی خواہاں

بھارت میں ’میرے پاس تم ہو‘ کی کاپی ’کامنا‘