لائف اسٹائل

صنم سعید مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کیساتھ بولی وڈ ڈیبیو کرنے کی خواہاں

بھارتی ٹیلی وژن پر نہیں فلموں میں کام کرنا چاہوں گی اور پہلی بار عامر خان کے ساتھ ہی کام کروں گی، اداکارہ

مقبول اداکارہ صنم سعید نے واضح کیا ہے کہ وہ بھارتی ٹیلی وژن نہیں بلکہ فلموں میں کام کرنا چاہیں گی اور بولی وڈ ڈیبیو مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے ساتھ کرنا پسند کریں گی۔

صنم سعید جلد ہی بھارتی فلم ساز مینا گور کی ہارر ویب سیریز ’قاتل حسیناؤں کے نام‘ میں دکھائی دیں گی۔

مذکورہ ویب سیریز کو آئندہ ماہ 10 دسمبر کو بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’زی فائیو’ پر ریلیز کیا جائے گا، جس میں صنم سعید ’زووی‘ نامی بولڈ لڑکی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

حال ہی میں ’قاتل حسیناؤں کے نام‘ کے ٹریلر کی منعقد ہونے والی آن لائن تقریب میں بات کرتے ہوئے صنم سعید نے ویب سیریز میں اپنے کردار کو حقیقی زندگی سے بہت مختلف قرار دیا۔

صنم سعید نے اپنے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلی مرتبہ انتہائی بولڈ اور منفرد کردار ادا کر رہی ہیں جو نہ صرف ان کی حقیقی زندگی سے بہت مختلف ہے بلکہ آج تک انہوں نے بطور اداکار بھی ایسا کوئی کردار ادا نہیں کیا۔

صنم سعید ’قاتل حسیناؤں کے نام‘ میں انگریزی لہجے میں اردو بولنے والی بولڈ لڑکی ’زووی‘ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

انہوں نے ٹریلر لاؤنچ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں صرف پاکستانی لوگ بھارتی افراد اور وہاں کی ثقافت سے متعلق زیادہ علم رکھتے تھے، کیوں کہ پاکستان میں بھارتی فلمیں زیادہ دیکھی جاتی ہیں، تاہم اب بھارتی بھی پاکستانیوں سے متعلق جاننے لگے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی اداکارائیں ’قاتل حسیناؤں کے نام‘ میں ایکشن دکھانے کو تیار

ان کا کہنا تھا کہ اسٹریمنگ ویب سائٹس کی وجہ سے اب بھارتی لوگوں نے پاکستانی مواد دیکھا ہے تو انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دونوں ممالک تقریبا ایک جیسے ہی ہیں۔

صنم سعید کے مطابق ایک طرح سے پاکستان اور بھارت بہن و بھائی ہی ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ اسٹریمنگ ویب سائٹس کے منصوبوں میں کام کرنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ بھارتی ٹیلی وژن پر بھی کام کریں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ بھارتی ٹی وی پر کام نہیں کریں گی، البتہ انہیں انڈین فلموں میں کام کرنے کا شوق ہے اور ان کی خواہش ہے کہ وہ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے ساتھ کام کرکے بولی وڈ ڈیبیو کریں۔

صنم سعید نے کہا کہ وہ متعدد بھارتی اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کی خواہاں ہیں مگر وہ آغاز عامر خان سے کرنا چاہیں گی۔

مزید پڑھیں: ہارر ویب سیریز ’قاتل حسیناؤں کے نام‘ آئندہ ماہ ریلیز ہوگی

’قاتل حیسناؤں کے نام‘ کے بعد اب خیال کیا جا رہا ہے کہ صنم سعید سمیت دیگر پاکستانی اداکاراؤں کو اسٹریمنگ ویب سائٹس کے لیے بنائی جانے والی بھارتی فلموں کے لیے کاسٹ کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

’قاتل حسیناؤں کے نام‘ صنم سعید کی پہلی ویب سیریز ہے، جس میں ان کے ساتھ ثروت گیلانی، مہربانو، ایمان سلیمان، فائزہ گیلانی، بیو رانا ظفر، سامعہ ممتاز اور سامعیہ عارف سمیت دیگر اداکار دکھائی دیں گے۔

ویب سیریز کا ٹریلر جاری کیا جا چکا ہے، جسے دیکھ کر کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم اندازہ ہوتا ہے کہ ویب سیریز کی مرکزی کہانی خواتین کے کرداروں کے گرد ہی گھومتی ہے۔

ویب سیریز کی کہانی خواتین کے گرد گھومتی ہے اور شائقین کو اس میں محبت، انتقام، انقلاب اور دوسروں کی خدمت کرنے کی مختلف کہانیاں دیکھنے کو ملیں گی۔

قاتل حسیناؤں کے نام‘ کی ہدایات مینا گور نے دی ہیں جو کہ اس کی شریک لکھاری بھی ہیں، ویب سیریز کے دوسرے لکھاری پاکستانی فلم ساز فرجاد نبی ہیں۔

حریم شاہ کو ہائی پروفائل شخصیات اور مقامات تک کون رسائی دلواتا ہے؟

ڈراما ساز سیما غزل پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا، حکومت سے مدد کی اپیل

سڑکوں کو کترینہ کیف کے ’گال‘ کی طرح ہموار بننا چاہیے: بھارتی وزیر کی خواہش