کھیل

برسبین میں ہوں لیکن دل ڈھاکا میں پاکستان ٹیم کے ساتھ جڑا ہے، ہیڈن

ٹی20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ میتھیو ہیڈن نے اردو زبان میں پیغام دیتے ہوئے قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پاکستان کی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ کا ٹائٹل تو نہ جیت سکی لیکن اس نے عمدہ اور شاندار کارکردگی سے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے۔

عالمی کپ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا جس میں ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کے ساتھ ساتھ بیٹنگ کوچ میتھیو ہیڈن اور باؤلنگ کوچ ورنن فلینڈر نے بھی نمایاں کردار ادا کیا تھا۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش کےخلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی، آصف علی اور عماد وسیم پاکستانی اسکواڈ سے باہر

اب قومی ٹیم اپنے اگلے مشن پر دورہ بنگلہ دیش پر پہنچ چکی ہے جہاں اس دورے میں انہیں کوچنگ اسٹاف میں میتھیو ہیڈن شامل نہیں ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ بنگلہ دیش کے لیے ورلڈ کپ کی ٹیم مینجمنٹ کو برقرار رکھا ہے لیکن میتھیو ہیڈن اپنی ذاتی مصروفیات کے سبب ٹیم کے ساتھ نہیں ہیں البتہ انہوں نے قومی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہارکیا ہے۔

ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی خدمات انجام دینے والے سابق آسٹریلین اوپننگ بلے باز میتھیو ہیڈن نے اردو زبان میں ٹوئٹر پر سلام سے اپنے پیغام کا آغاز کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں برسبین میں قرنطینہ سینٹر میں بیٹھا اپنی آئسولیشن مکمل کر رہا ہوں مگر میرا دل ڈھاکا میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے ساتھ جڑا ہے۔

ہیڈن نے لڑکوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ میری نیک تمنائیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم نے ٹی20 ورلڈ کپ میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اپنے پانچوں میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان کے 20رکنی اسکواڈ کا اعلان

پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو پہلے میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر اگلے میچ میں نیوزی لینڈ کو بھی زیر کر لیا تھا۔

اس کے بعد گرین شرٹس نے افغانستان، نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ کو مات دے کر سپر12 راؤنڈ میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز حاصل کیا تھا تاہم سیمی فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا نے قومی ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی اور بالآخر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

اب پاکستان کی ٹیم ڈھاکا میں موجود ہے جہاں وہ بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی20 اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

’ایسا تو کبھی آمروں کے اشاروں پر چلنے والی اسمبلی میں بھی نہیں ہوا‘

ٹی وی شو کے دوران حریم شاہ کی شیخ رشید کو فون کرنے کی ویڈیو وائرل

’ماہرہ خان پاکستان کا شاہ رخ خان‘