'کہے دل جدھر' کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان
کورونا وائرس کے کیسز میں کمی اور سینما کھلنے کے بعد جنید خان اور منشا پاشا کی فلم 'کہے دل جدھر' کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان بھی کردیا گیا۔
خاتون صحافی اور پولیس افسر کی دوستی کی کہانی پر مبنی اس فلم کو رواں برس 17 دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔
اداکارہ منشا پاشا نے فلم کا ٹریلر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی نئی فلم کو 17 دسمبر، 2021 کو ریلیز کیا جائے گا۔
دوسری جانب جنید خان نے فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے اس کی جلد ریلیز سے متعلق بتایا۔
مزید پڑھیں: خاتون صحافی اور پولیس افسر کی دوستی کی کہانی’کہے دل جدھر‘
جنید خان نے اپنی ڈیبیو فلم سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’جب دوستی کی عزت کی جاتی ہے تو محبت بہت زیادہ ہوتی ہے لیکن جب لالچ اور برائی کو اس میں شامل کیا جائے تو زندگی 180 ڈگری پر گھوم جاتی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ میں آپ کے لیے ملے جلے جذبات کا اور زندگی کے ایک کمزور موڑ کی کہانی لارہا ہوں‘۔
وجدان فلمز کی جانب سے بنائی گئی ’کہے دل جدھر‘ کی ہدایات جلال رومی نے دی ہیں جبکہ اس کی کہانی کامران باری نے لکھی ہے۔
فلم میں منشا پاشا اور جنید خان سمیت ساجد حسن جیسے اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
اس فلم میں عتیقہ اوڈھو اور ساجد حسن بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
فلم کی کہانی 5 دوستوں پر مبنی ہے، جنید ایک پولیس افسر کا کردار ادا کررہے ہیں، منشا ایک صحافی بنی ہیں، ہر کسی کا اپنا ایک کردار ہے اور کہانی اس ہی موضوع کے گرد گھومتی ہے کہ یہ سب ایک ساتھ کیسے آگے بڑھیں گے اور کالج کے بعد ان کا آپس میں رشتہ کیسا رہے گا۔
اس فلم کا ٹریلر گزشتہ برس جاری کیا گیا تھا جس میں دکھایا گیا تھا کہ منشا پاشا ایک صحافی جبکہ جنید خان ایک پولیس افسر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’کہے دل جدھر‘ منشا پاشا اور جنید خان کی رومانوی کہانی
ٹریلر میں دکھایا گیا تھا کہ منشا پاشا اور جنید خان اگرچہ پہلے سے ہی دوست ہوتے ہیں تاہم اپنے اپنے پروفیشن میں جانے کے بعد وہ دوستی بھلا کر اپنے پروفیشن کو اہمیت دینے لگتے ہیں۔
فلم کے ٹریلر میں صحافیوں کو پیش آنے والی مشکلات دکھائے جانے سمیت پولیس افسران کو میڈیا کی وجہ سے ہونے والے مسائل کو بھی دکھایا گیا ہے۔
اگرچہ فلم کو ریلیز کرنے کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم گزشتہ برس خیال جارہا تھا کہ اسے مارچ 2020 میں ریلیز کیا جائے گا لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے سینما بند ہونے کے بعد فلم کی ریلیز تعطل کا شکار ہوگئی تھی۔