لائف اسٹائل

دپیکا کے ساتھ کام نہیں کرنے والا، نوازالدین صدیقی کے پاؤں احترامًا چھوئے، شہریار منور

رواں ماہ کے آغاز میں شہریار منور کی بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور نوازالدین صدیقی کے ہمراہ ویڈیوز و تصاویر وائرل ہوئی تھی۔

اداکار شہریار منور نے حال ہی میں بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور نوازالدین صدیقی کے ہمراہ وائرل ہونے والی اپنی تصاویر پر وضاحت کرتے ہوئے انہیں غلط رنگ دینے والے افراد پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

شہریار منور نے واضح کیا ہے کہ وہ نہ تو بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کے ہمراہ کسی منصوبے میں ایک ساتھ کام کرنے جا رہے ہیں اور نہ ہی وہ نوازالدین صدیقی کے پاؤں پڑے تھے۔

شہریار منور کے مطابق انہوں نے نوازالدین صدیقی کے پاؤں احترامًا اور اپنی سندھی روایات کے مطابق چھوئے، کیوں کہ سندھی روایات کے مطابق جس شخص کا احترام کیا جاتا ہے، انہیں ہاتھ جوڑ کر اور ان کے پاؤں چھوکر ان کی عزت کی جاتی ہے۔

شہریار منور نے ’فوچیا میگزین‘ کے ساتھ بات کرتے ہوئے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ایوارڈز تقریب کے دوران ان کی ذاتی ویڈیوز اور تصاویر بناکر انہیں غلط انداز اور رنگ میں شیئر کرکے وائرل کیا گیا۔

شہریار منور نے بتایا کہ ان کی اور دپیکا پڈوکون کی ملاقات حادثاتی طور پر ہوئی تھی، وہ جن دوستوں سے ملنے گئے تھے، ان سے ملنے کے لیے دپیکا پڈوکون بھی وہاں آئی اور پھر ان دونوں کے درمیان بطور فنکار نہیں بلکہ ایک عام انسان گفتگو ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ دپیکا پڈوکون کے ساتھ ان کی تصاویر وائرل کرکے ان دونوں سے متعلق غلط باتیں پھیلانا شروع کی گئی تھیں، جس پر انہوں نے اپنی پی آر ٹیم کی خدمات حاصل کرکے بہت ساری جگہوں سے وہ تصاویر ڈیلیٹ کروادیں۔

یہ بھی پڑھیں: شہریار منور، دپیکا پڈوکون کا دبئی میں ایک ساتھ ڈنر

شہریار منور کے مطابق ان کی اور دپیکا پڈوکون کی ملاقات ذاتی تھی اور ان کی پرائیویسی میں مداخلت کرکے ان کے لیے مسائل پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ دپیکا پڈوکون کے ساتھ تصویر وائرل ہونے سے ان سمیت بولی وڈ اداکارہ کے ساتھ بھی کوئی مسئلہ ہوسکتا تھا۔

ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ وہ دپیکا پڈوکون کے ساتھ کسی بھی فلم یا دوسرے منصوبے میں کام نہیں کرنے جا رہے، بس وہ اتفاقی ملاقات تھی، جسے غلط رنگ دیا گیا۔

گفتگو کے دوران انہوں نے بلاگرز، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور بعض شوبز ویب سائٹس پر برہمی کا اظہار کیا کہ انہوں نے دپیکا پڈوکون اور نوازالدین صدیقی کے ساتھ ان کی ملاقات کو غلط رنگ دیا۔

شہریار منور کے مطابق وہ دبئی میں فلم فیئر ایوارڈز میں شرکت کے لیے گئے تھے، جہاں انہیں ان کی مختصر فلم ’پرنس چارمنگ‘ پر ایوارڈ دیا گیا مگر کسی بھی ویب سائٹ نے اس متعلق کوئی خبر نہیں دی۔

گفتگو کے دوران شہریار منور نے نوازالدین صدیقی کے ساتھ وائرل ہونے والی ویڈیو اور تصویر پر بھی وضاحت کی اور بتایا کہ انہوں نے احترامًا اور مذاق میں بھارتی اداکار کے پاؤں چھوئے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اور ماہرہ خان جب نوازالدین صدیقی کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے تو ماہرہ نے ان سے مذاق میں کہا کہ نوازالدین صدیقی مرشد ہیں، ان کے پاؤں چھوئیں، جس پر انہوں نے بھی مذاق مذاق میں ان کے پاؤں پر ہاتھ رکھے اور سوشل میڈیا پر صرف اسی منظر کو وائرل کیا گیا۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ نوازالدین صدیقی کے ساتھ کی گئی 30 منٹ کی گفتگو کو چھوڑ کر صرف ان کے پاؤں پڑنے والے سین کو وائرل کیا گیا۔

شہریار منور کے مطابق ان کی جانب سے نوازالدین صدیقی کے پاؤں چھونے پر منفی رپورٹنگ کی گئی اور لکھا گیا کہ ایک پاکستانی اداکار بھارتی اداکار کے پاؤں پڑ گئے۔

انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے نوازالدین صدیقی کے پاؤں احترامًا اور مذاق میں چھوئے، کیوں کہ بطور سندھی وہ والدین سمیت اپنے دیگر بزرگوں اور احترام والے افراد کے پاؤں چھوتے رہتے ہیں اور سندھیوں میں یہ روایت عام ہے۔

خیال رہے کہ شہریار منور کی دپیکا پڈوکون اور نوازالدین صدیقی کے ساتھ ویڈیوز اور تصاویر رواں ماہ نومبر کے آغاز میں وائرل ہوئی تھیں۔

’صنف آہن‘: سجل علی کا عام لڑکی سے فوجی بننے کے سفر کا ٹیزر سامنے آگیا

پاکستان نے بھارتی سکھ یاتریوں کیلئے 3 ہزار ویزے جاری کر دیے

ہفتہ وار مہنگائی میں تین ماہ کے دوران سب سے زیادہ اضافہ