’صنف آہن‘ کے ٹیزر نے شائقین کے دل جیت لیے
ہدایت کار ندیم بیگ کے آنے والے میگا کاسٹ تھرلر ڈراما ’صنف آہن‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا، جس میں تمام مرکزی اداکاراؤں کے کرداروں کو دکھایا گیا ہے۔
جاری کیے گئے مختصر دورانیے کے ٹیزر میں ڈرامے کی کہانی دکھانے کے بجائے صرف کرداروں کو متعارف کرایا گیا ہے۔
ٹیزر میں سائرہ یوسف، سجل علی، کبریٰ خان، یمنٰی زیدی اور رمشا خان کے کرداروں کو دکھایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سجل علی، یمنیٰ زیدی، سائرہ یوسف، کبریٰ و رمشا خان کا ڈراما ’صنف آہن‘
ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ عام گھرانوں کی لڑکیاں کس طرح پاک فوج کا حصہ بن کر ’صنف نازک سے صنف آہن‘ کا سفر طے کرتی ہیں۔
ٹیزر میں اداکاراؤں کو فوجی تربیت لینے سمیت یونیفارم میں ہتھیار چلاتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔
مختصر دورانیے کے ٹیزر کو اے آر وائے ڈیجیٹل کے سوشل میڈیا پیجز سمیت ڈرامے کی کاسٹ میں شامل اداکاراؤں نے بھی شیئرکیا۔
مزید پڑھیں: 'صنفِ آہن' میں کبریٰ خان اور سجل علی کے کرداروں کی جھلک سامنے آگئی
ٹیزر کو جاری کرتے ہوئے عندیہ دیا گیا ہے کہ جلد ہی ڈرامے کو پیش کیا جائے گا، تاہم اس کے نشر کیے جانے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
سائرہ یوسف، سجل علی، کبریٰ خان، یمنٰی زیدی اور رمشا خان کے علاوہ ’صنف آہن‘ کی مزید کاسٹ میں عثمان مختار، میرب علی اور سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’صنف آہن‘ پانچ خواتین کی کہانی ہے، سائرہ یوسف
ڈرامے کی کہانی عمیرہ احمد نے لکھی ہے اور اسے ہمایوں سعید کی اہلیہ ثمینہ سعید ثنا شاہنواز نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ ڈرامے کو بنانے میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھی تعاون کیا ہے۔
ڈرامے کے حوالے سے اداکارہ سائرہ یوسف نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ’صنف آہن‘ کی کہانی فوج کی 5 خواتین افسران کے گرد گھومتی ہے جو مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خاندانوں سے تعلق رکھتی ہیں مگر آرمی کا حصہ بننے کے بعد ان کی منزل ایک ہوجاتی ہے۔
اداکارہ نے مزید بتایا تھا کہ وہ یمنیٰ زیدی، کبریٰ خان، رمشا خان اور سجل علی کے ساتھ پہلی مرتبہ اسکرین پر کام کرتی دکھائی دیں گی۔
اب ڈرامے کا ٹیزر جاری کیے جانے کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ اسے رواں برس کے اختتام یا پھر 2022 کے آغاز میں نشر کیا جائے گا۔