دنیا

میکسیکو میں قدیم مایا تہذیب کی محفوظ شدہ کشتی دریافت

یہ کشتی میکسیکو میں ایک بڑے ریل لنک پر تعمیراتی کام کے دوران ملی۔

میکسیکو میں ریلوے لائن کے تعمیراتی کام کے دوران لگ بھگ 1000 برس قدیم مایا تہذیب کی محفوظ کی گئی کشتی دریافت ہوئی ہے۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اینتھروپولوجی اینڈ ہسٹری (آئی این اے ایچ) نے کہا کہ یہ کشتی میکسیکو میں ایک بڑے ریل لنک پر تعمیراتی کام کے دوران ملی۔

ڈان اخبار میں شائع فرانسیسی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق آئی این اے ایچ کی زیر آب آثار قدیمہ کے ماہرین کی ایک ٹیم کو ملک کی جنوبی ریاستوں یوکاتان اور کوینتانا رو کے درمیان قدیم ہسپانوی دور سے پرانی ایک کشتی ملی۔

مزید پڑھیں: دوبارہ دریافت ہونیوالے عظیم شہر

یہ کشتی ایک ایسے زیرِ زمین دریا پر ملی جو جزیرہ نما یوکاتان اور قدیم مایا تہذیب کے لوگوں کے لیے انتہائی مقدس تھا۔

یہ کشتی صدر اینڈریس مینوئل لوپیز اوبراڈور کے متنازع سیاحتی منصوبے ’مایا ٹرین’ پر کام کے دوران ملی، جس کا مقصد کیریبین ریزورٹس کو آثار قدیمہ کے تاریخی مقامات سے جوڑنا ہے۔

آئی این اے ایچ نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہوسکتا ہے کہ اس چھوٹی کشتی کو زیر زمین موجود پانی نکالنے یا رسومات کے دوران نذرانے جمع کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہو‘۔

محققین نے کہا کہ یہ اس قسم کی پہلی کشتی ہے جو مایا تہذیب کے علاقے سے اتنی اچھی حالت میں ملی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا 21 جون کو دنیا ختم ہورہی ہے؟

اس سے قبل ایسی کشتیوں کے صرف ٹکڑے گوئٹے مالا اور بیلیز میں پائے گئے تھے۔

آئی این اے ایچ کے مطابق بتایا گیا ہے کہ یہ کشتی 830 سے 950 عیسوی دور کی ہے لیکن نومبر میں یونیورسٹی آف پیرس کے تعاون سے اس کی عمر اور لکڑی کی قسم کا تعین کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

میکسیکو میں ازٹیکس اور مایا جیسی قدیم پروان چڑھیں وہاں آثار قدیمہ کی باقیات ملنا عام ہے۔

ستمبر میں سوچیتیکاتال کے قدیم علاقے میں واقع ایک اہرام میں موجود سیڑھی کی باقیات ملی تھیں۔


یہ خبر 31 اکتوبر، 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

طالبان کے سپریم رہنما قندھار میں پہلی مرتبہ منظر عام پر آگئے

جی 20 ممالک نے عالمی ٹیکس اصلاحات کی منظوری دے دی

حکومت کی نئی ٹیم کے کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات