طبی جریدے نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسین میں شائع تحقیق میں اسرائیل میں 11 سے 31 جولائی کے دوران کووڈ 19 سے متاثر ہونے والے افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔
اسرائیل کے تمام شہریوں کی فائزر سے ویکسینیشن جون 2021 سے مکمل ہوگئی تھی۔
محققین نے دریافت کیا کہ 60 سال یا اس سے زائد عمر کے ایسے افراد جن کی ویکسینیشن جنوری 2021 میں ہوئی تھی، ان میں کووڈ کا خطرہ مارچ میں ویکسینیشن کرانے والے افراد کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔
اسی طرح 2021 کے آغاز میں ویکسینیشن کرانے والے افراد میں مارچ یا اپریل میں ویکسین استعمال کرنے والوں کے مقابلے میں بیماری کا خطرہ زیادہ دریافت ہوا۔
اس سے قبل اکتوبر 2021 کے آغاز میں مختلف طبی تحقیقی رپورٹس میں بھی عندیہ دیا گیا تھا کہ فائزر/ بائیو این ٹیک کی تیار کردہ کووڈ 19 ویکسین سے بیماری کے خلاف ملنے والے تحفظ کی شرح ویکسینیشن مکمل ہونے کے 2 ماہ بعد گھٹنا شروع ہوجاتی ہے، تاہم بیماری کی سنگین شدت، ہسپتال میں داخلے اور اموات کے خلاف ٹھوس تحفظ ملتا ہے۔
اسرائیل اور قطر میں ہونے والے تحقیقی کام سے اس خیال کو تقویت ملتی ہے کہ مکمل ویکسینیشن کے بعد بھی لوگوں کو بیماری سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہیے۔
ایک تحقیق اسرائیل میں ہوئی جس میں 4800 طبی ورکرز کو شامل کیا گیا تھا۔
نتائج سے ثابت ہوا کہ ویکسین کی دوسری خوراک کے استعمال کے 2 ماہ بعد اینٹی باڈیز کی سطح میں تیزی سے کمی آنے لگتی ہے بالخصوص مردوں میں، 65 سال سے زائد عمر کے افراد اور کمزور مدافعتی نظام کے حامل افراد میں ویکسین کی افادیت میں کمی زیادہ نمایاں ہوتی ہے۔
تحقیق میں یہ بھی عندیہ دیا گیا کہ کووڈ 19 کو شکست دینے کے بعد ویکسینیشن کرانے والے افراد کو ملنے والے تحفظ کا دورانیہ زیادہ طویل ہوسکتا ہے۔
دوسری تحقیق قطر میں ہوئی جس میں ان مریضوں کی جانچ پڑتال کی گئی تھی جو ویکسنیشن کے بعد کووڈ 19 سے متاثر ہوئے۔
قطر میں زیادہ تر افراد کی ویکسینیشن کے لیے فائزر ویکسین کا سہارا لیا گیا۔
محققین نے بتایا کہ فائزر ویکسین سے بیماری کے خلاف ملنے والا تحفظ دوسری خوراک کے استعمال کے ایک ماہ بعد عروج پر ہوتا ہے اور آنے والے مہینوں میں بتدریج کمی آتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ویکسینیشن مکمل ہونے کے 4 ماہ بعد تحفظ کی شرح میں تیزی سے کمی آتی ہے۔