زندگی میں کامیابی چاہتے ہیں تو یہ آسان کام آج ہی شروع کردیں
زندگی میں کامیابی اکثر ایک اسرار لگتی ہے، کچھ افراد سب کچھ حاصل کرلیتے ہیں اور دیگر پیچھے رہ جاتے ہیں۔
یقیناً قسمت اور جینز زندگی میں کردار ادا کرتے ہیں مگر آپ کے اپنے رویے بھی کامیابی کو زیادہ یقینی بناتے ہیں۔
تو اگر آپ زندگی میں کامیابی کے خواہشمند ہیں تو ان چند سادہ چیزوں یا عادات کو اپنالیں۔
مسکراہٹ کا جادو
لوگ ملاقات کے بعد 3 سیکنڈ میں ہی آپ کے بارے میں رائے بنانے لگتے ہیں تو مسکراہٹ کے ساتھ درست آغاز کریں۔
دوسروں پر اچھا تاثر قائم کرنے کے ساتھ مسکراہٹ سے مزاج پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے، تناؤ کم ہوگا، مدافعتی نظام مضبوط اور بلڈ پریشر کی سطح میں معمولی سی کم ہوجائے گی۔
اپنے خواب کا پرجوش تعاقب
جو لوگ زندگی میں کامیابی حاصل کرتے ہیں ان میں اس بات کا ٹھوس احساس ہوتا ہے کہ وہ کیا کررہے ہیں۔
اپنے عزم کو دریافت کرنے کا ایک طریقہ تو یہ ہے کہ بچپن میں آپ کیا بننے کا سوچتے تھے، کیا چیز آپ کو پرجوش کردیتی ہے؟ اس سے آپ کو کسی حد تک اپنا راستہ مل سکے گا۔
روشن پہلو پر توجہ مرکوز کریں
مستقبل کے بارے میں مایوسی کے بجائے اچھی سوچ سے بڑھاپے کی علامات کی رفتار بھی سست ہوتی ہے اور بیماری کو شکست دینے میں مدد ملتی ہے۔
توجہ مرکوز کریں کہ زندگی میں کیا کچھ چل رہا ہے اور اسے بہتر بنانے کے لیے منصوبہ بندی کریں، آپ کو اچھی چیزوں کو سراہنا چاہیے اور منفی چیزوں کو پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھ جانا چاہیے۔
جسمانی سرگرمیاں
جسمانی سرگرمیاں ذہن کو تیز کرتی ہیں، نیند اچھی ہوتی ہے اور ذہنی صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔
ہفتے میں 5 دن، دن بھر میں 30 منٹ کی جسمانی سرگرمیوں کو ہدف بنائیں جس سے جسمانی وزن کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی، جسم مضبوط ہوگا۔
کھانے کے آداب کا خیال رکھیں
کھانے کے اداب زندگی کے بارے میں آپ کے مثبت رویے کا اظہار ثابت ہوسکتے ہیں اور آپ کی شخصیت کا اچھا تاثر قائم ہوتا ہے۔
ہاتھوں کی صفائی
ناخنوں کو صاف رکھیں، ہاتھوں کو کھانے سے قبل یا ٹوائلٹ جانے کے بعد 20 سیکنڈ تک دھوئیں، یہ نزلہ زکام اور فلو سے تحفظ فراہم کرنے والا مفت نسخہ بھی ہے۔
صابن یا پانی موجود نہیں تو الکحل ملے ہینڈ سینی ٹائزر سے بھی مدد لی جاسکتی ہے۔
خوشبو سے مدد لیں
صاف لباس، روزانہ نہانے کے ساتھ ساتھ پرفیوم شیمپو اور دیگر اپنی پسند کی خوشبوؤں کا استعمال کریں۔
سانس کو مہکانے کے لیے برش، خلال اور دیگر طریقوں سے مدد لیں اور ہاں پرفیوم کی کم مقدار کا ہی استعمال کریں۔
لباس
اچھا نظر آنا اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ آپ اپنے کام کے لیے تیار ہیں۔
کامیابی کے لیے لباس زیب تن کرنے کے لیے سیاہ، گرے یا نیوی بلیو جیسے کلاسیک رنگوں سے آغاز کریں۔
لباس سے ہم رنگ جراب پہنیں اور جوتوں کو پالش کریں، بال اور ناخن کی خراش تراش کا خیال رکھیں۔
دوسروں سے اچھا سلوک
اپنے ارگرد موجود افراد کے ساتھ اچھے اور نرم سلوک سے عندیہ ملتا ہے کہ آپ ان کو اہمیت دیتے ہیں۔
اپنے ارگرد موجود افراد کے بارے میں سوچ کر فیصلہ کریں کہ آپ ان کے لیے کیا کرسکتے ہیں۔
آپ کا رویہ ان کی توجہ کا مرکز ضرور بنے گا اور وہ آپ سے متاثر ہوں گے، دوسروں کے ساتھ سلوک سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ آپ اپنے بارے میں بھی اچھے خیالات رکھتے ہیں۔
وقت کی پابندی
وقت کی پابندی کا خیال رکھنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ آپ اپنے اور دیگر افراد کے وقت کا احترام کرتے ہیں اور اپنی شخصیت پر آپ کو کنٹرول حاصل ہے۔
اہم مواقع اور ملاقاتوں کے لیے ایک رات قبل تیاری کریں اور یہ تخمینہ لگانے کی کوشش کریں کہ کسی ٹاسک پر کتنا وقت لگ سکتا ہے اور اس کے مطابق ممکنہ رکاوٹوں جیسے ٹریفک جام یا دیگر کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کریں۔
دوسروں کی مدد
دوسروں کی مدد کرنے والے افراد اکثر زندگی سے خوش ہوتے ہیں، خود اعتمادی سے لیس ہوتے ہیں اور زندگی کے مقصد کا فہم رکھتے ہیں۔
اپنے لیے وقت نکالیں
زندگی کی مصروفیات سے گاہے بگاہے وقفہ لیں، یہ وقت کا ضیاع نہیں بلکہ آپ کی توانائی کو نئی زندگی ملے گی، تناؤ اور فکریں کم ہوں گی جبکہ زندگی سے لطف اندوز ہونے اور کچھ نیا جاننے میں مدد ملے گی۔
بلند آواز سے ہنسنا
ہنسنا جسم کے لیے مفید ہوتا ہے بالخصوص دل کے لیے۔
تحقیقی رپورٹس میں ثابت ہوا ہے کہ ہنسنا خون کی شریانوں کے لیے مفید ہے، جس سے امراض قلب سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔
زندگی میں حدود
کسی بھی چیز کی زیادتی نقصان دہ ہوتی ہے اور اس کا اطلاق ہر چیز میں ہوتا ہے۔
تمباکو نوشی کرتے ہیں تو کوشش کریں کہ اس کو محدود کریں اور اسی طرح اپنی بری عادات کے لیے حدود کا تعین کریں۔
کامیابی میں تاخیر پر مایوس نہ ہوں
کامیابی سو میٹر کی دوڑ نہیں بلکہ ایک میراتھون ریس کی طرح ہوتی ہے۔
اگر آپ اپنے عزم کا تعاقب جاری رکھے ہوئے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ ٹھیک کام کررہے ہیں اور اس پر فخر ہونا چاہیے۔